احمد آباد/یواین آئی //انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) 2026میں راجستھان رائلز کے 15 سالہ کرکٹ کے جادوگر ویبھو سوریہ ونشی نے سیزن کے تمام بڑے ایوارڈز اپنے نام کر کے دھوم مچا دی ہے ۔ ان انعامات میں انہیں ایک چمکتی ہوئی شاندار ایس یو وی کار بھی ملی ہے لیکن اس کم عمر کرکٹر کو اسے خود چلانے کیلئے ابھی مزید تین سال کا انتظار کرنا پڑے گا۔ ہندوستانی بیٹنگ سنسنی نے اس ٹورنامنٹ کے 16میچوں میں 48.50 کی اوسط اور 237.30کے طوفانی اسٹرائیک ریٹ سے 776 رنز بنائے جس نے دنیا بھر کے کرکٹ ماہرین کو حیران کر دیا ہے ۔
اتوار کی رات احمد آباد میں کھیلے گئے فائنل کے بعد تقریبِ تقسیمِ انعامات میں سوریہ ونشی پر انعامات کی بارش ہو گئی۔ ان کی ٹیم راجستھان رائلز اگرچہ فائنل تک نہیں پہنچ سکی لیکن ان کی انفرادی کارکردگی سب پر بھاری رہی۔ انہیں ٹورنامنٹ کا موسٹ ویلیو ایبل پلیئر ، ایمرجنگ پلیئر آف دی سیزن اور سب سے زیادہ رنز بنانے پر اورنج کیپ سے نوازا گیا۔ اس حیرت انگیز نوجوان کھلاڑی کو ایک ٹاٹا سیرا ایس یو وئ تحفے میں دی گئی جس کی مارکیٹ میں سب سے زیادہ قیمت تقریباً 21لاکھ روپے ہے ۔ کار کے علاوہ انہیں ملنے والی کل انعامی رقم 57,000 امریکی ڈالر (تقریباً 47 لاکھ روپے ) سے زائد ہے ۔
انعامات جیتنے کے بعد معصومانہ انداز میں گفتگو کرتے ہوئے سوریہ ونشی نے کہا کہ یہ سب دیکھ کر بہت اچھا لگ رہا ہے لیکن مجھے اس وقت تھوڑا پریشر (دباؤ) محسوس ہو رہا ہے کیونکہ میں یہاں انٹرویو دے رہا ہوں۔ لیکن ہاں یہ میرے اور میرے خاندان کے لیے ایک انتہائی فخر کا لمحہ ہے اور میں اگلے سیزن میں اس سے بھی بہتر کارکردگی دکھانے کی کوشش کروں گا۔کوہلی کی شاندار بیٹنگ کے باعث آر سی بی نے مسلسل دوسری بار آئی پی ایل ٹائٹل جیت لیا۔احمد آباد کے نریندر مودی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے فائنل میں آر سی بی نے گجرات ٹائٹنز کو 5 وکٹوں سے شکست دے کر ٹرافی اپنے نام کی۔ گجرات ٹائٹنز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 8وکٹوں کے نقصان پر 155 رنز بنائے ۔156رنز کے ہدف کے تعاقب میں آر سی بی نے جارحانہ انداز اپنایا اور 18اوورز میں ہدف حاصل کرلیا۔ویرات کوہلی نے ناقابلِ شکست 75 رنز کی شاندار اننگز کھیل کر ٹیم کی فتح میں اہم کردار ادا کیا۔










