جاوید ڈار نے منڈیوںاور کسان گھر وںکے کام کاج کا جائزہ لیا

جاوید ڈار نے منڈیوںاور کسان گھر وںکے کام کاج کا جائزہ لیا

سری نگر// وزیر برائے زرعی پیداوار، دیہی ترقی و پنچایتی راج،اِمدادِ باہمی اور الیکشن محکمہ جات جاوید احمد ڈار نے آج جموں و کشمیر میں اور یونین ٹیریٹری سے باہر زرعی اور باغبانی تجارت میں منڈیوںاور مصروف کسانوں کے فائدے کے لئے قائم کسان گھروں کے کام کاج اور عملی صورتحال کا جائزہ لینے کے لئے ایک اعلیٰ سطحی جائزہ میٹنگ کی صدارت کی۔دورانِ میٹنگ وزیر نے کسان گھروں میں دستیاب سہولیات اور زرعی و باغبانی پیداوار کی مارکیٹنگ اور ٹرانسپورٹیشن کے دوران کسانوں کی مدد کرنے میں ان کے کردار کا تفصیلی جائزہ لیا۔اُنہوں نے بہتر بنیادی ڈھانچے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے متعلقہ افسران کو ہدایت دی کہ نئی دہلی اور کولکتہ میں واقع کسان گھروں کی فوری تزئین ومرمت اور اَپ گریڈیشن کا کام کریں تاکہ وہاں تجارتی سرگرمیوں کے سلسلے میں آنے والے کسانوں کو بہتر رہائش اور بنیادی سہولیات فراہم کی جا سکیں۔جاوید احمد ڈار نے کہا کہ کسان گھر کاشت کار کمیونٹی کے لئے ایک اہم معاون نظام ہیں جو فصلوں اور باغبانی پیداوار کی مارکیٹنگ کے دوران کم خرچ رہائش اور لاجسٹک سہولتیں فراہم کرتے ہیں۔ اُنہوں نے کہا کہ ان مراکز کو مزید مضبوط بنانے سے کسانوں کی قومی منڈیوں تک رسائی بہتر ہوگی اور ان کے تجارتی تجربات میں نمایاں بہتری آئے گی۔اُنہوں نے زرعی منڈیوں کے کام کاج کا جائزہ لیتے ہوئے افسران کو ہدایت دی کہ دکانوں کی الاٹمنٹ کی مکمل جانچ کی جائے تاکہ یہ یقینی بنایا جا سکے کہ الاٹیز مقررہ قواعد و ضوابط کے مطابق ہی ان کا اِستعمال کر رہے ہیں۔ اُنہوں نے اِس بات پر زور دیا کہ عوامی اثاثوں کے کسی بھی غلط اِستعمال یا الاٹمنٹ کے مقصد سے اِنحراف کی فوری نشاندہی اور تدارک کیا جائے۔وزیرموصوف نے زرعی مارکیٹنگ کے بنیادی ڈھانچے کو مضبوط بنانے کے حکومت کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ جموں و کشمیر میں بالخصوص پونچھ، اَکھنور اور جموں کی منڈیوں کو جدید خطوط پر اُستوار کرنے اور ترقی دینے کے لئے مسلسل اَقدامات کئے جا رہے ہیں تاکہ کسانوں کو بہتر مارکیٹ رَسائی اور تجارتی مواقع فراہم کئے جا سکیں۔اُنہوں نے عوامی اثاثوں کے تحفظ اور ان کے مؤثر اِستعمال پر زور دیتے ہوئے متعلقہ محکموں کو ہدایت دی کہ سرکاری املاک کے تحفظ اور انہیں کسان کمیونٹی کی فلاح و بہبود کے لئے اِستعمال میں لانے کے لئے مؤثر نگرانی کا نظام قائم کیا جائے۔ اُنہوں نے سوپور فروٹ منڈی میں بھیڑ بھاڑ کم کرنے اور اسے جدید بنانے کے لئے ایک جامع اور طویل مدتی منصوبہ پیش کرنے کو کہا تاکہ اِنتظامی کارکردگی بہتر ہو، تجارتی سرگرمیاں منظم ہوں اور باغبانوں و تاجروں کو بہتر سہولیات میسر آئیں۔جاوید ڈار نے اس بات پر زور دیا کہ زرعی مارکیٹنگ کے بنیادی ڈھانچے کو مضبوط بنانے اور پیداوار سے لے کر مارکیٹنگ تک کسانوں کی معاونت کے لئے تمام متعلقہ محکموں کے درمیان مربوط کوششیں ناگزیر ہیں۔میٹنگ میں ڈائریکٹر ہارٹی کلچر (پلاننگ و مارکیٹنگ) جموں و کشمیر غلام جیلانی زرگر، منیجنگ ڈائریکٹر جے اینڈ کے ہارٹی کلچرل پروڈیوس مارکیٹنگ اینڈ پروسسنگ کارپوریشن محمد فاروق احمد، صدر فروٹ گروئورس منڈی سوپور سمیت مختلف محکموں کے سینئر اَفسران نے شرکت کی۔