سکینہ ایتو کھنہ بل اور اننت ناگ میں عوامی دربار کے دوران

اننت ناگ اور کلگام کے مختلف عوامی وفود سے ملیں

اننت ناگ//وزیر برائے صحت اور طبی تعلیم ، سماجی بہبود اور تعلیم محترمہ سکینہ ایتو نے ڈاک بنگلہ کھنہ بل میں منعقدہ عوامی دربار کے دوران اننت ناگ اور کلگام اضلاع کے مختلف علاقوں سے آئے ہوئے کئی عوامی وفود سے ملاقات کی اور عوامی مسائل اور ترقیاتی مطالبات غور سے سُنے ۔ اس موقع پر ایم ایل اے پہلگام الطاف احمد وانی ( کلو ) ، ایم ایل اے اننت ناگ ویسٹ عبدالمجید بھٹ ( لارمی ) ، ایم ایل اے شانگس ۔ اننت ناگ ایسٹ ریاض احمد خان ، کلگام اور اننت ناگ اضلاع کے پروگرام آفیسر ، سی ای او ، سی ایم او ڈی ایس ڈبلیو او ، مختلف محکموں کے ایگزیکٹو انجینئر اور دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے ۔ عوامی دربار کے دوران مقامی رہائشیوں ، سماجی کارکنوں اور کمیونٹی ممبران پر مشتمل وفود نے وزیر کو اپنے اپنے علاقوں میں صحت ، تعلیم اور عوامی بہبود کے شعبوں سے متعلق مختلف مسائل سے آگاہ کیا ۔ انہوں نے صحت کی دیکھ بھال کرنے والے پیشہ ور افراد کی کمی کو پورا کرنے کیلئے ہسپتالوں اور بنیادی صحت کے اداروں میں صحت کی سہولیات کو بڑھانے اور مضبوط بنانے کے علاوہ اضافی طبی اور پیرا میڈیکل اسٹاف کی تعیناتی کا مطالبہ کیا ۔ وفود نے مریضوں کی دیکھ بھال کو بہتر بنانے اور نچلی سطح پر بہتر طبی خدمات کو یقینی بنانے کیلئے مختلف اسپتالوں میں ایکسرے پلانٹس ، ای سی جی مشینوں اور یو ایس جی کی سہولیات سمیت جدید تشخیصی اور طبی آلات کی تنصیب کی فوری ضرورت پر بھی روشنی ڈالی ۔ انہوں نے مزید مطالبہ کیا کہ لوگوں کی صحت کی دیکھ بھال کی بڑھتی ہوئی ضروریات کو پورا کرنے کیلئے ہسپتالوں میں ماہر ڈاکٹروں بشمول ای این ٹی ماہرین اور اطفال کے ماہرین کی دستیابی کا بھی مطالبہ کیا ۔کئی وفود نے سکولوں اور ہسپتالوں میں انفراسٹرکچر کی اپ گریڈیشن سے متعلق مسائل اٹھائے اور سکولوں کی نئی عمارتوں ، ہسپتالوں کے بلاکس کی تعمیر اور تعلیمی اور صحت کے اداروں میں بنیادی سہولیات کی بہتری کا مطالبہ کیا ۔ انہوں نے دیہی اور دور دراز علاقوں میں طلباء کیلئے بہتر تعلیمی ماحول فراہم کرنے کیلئے تعلیمی انفراسٹرکچر کو مضبوط بنانے کے مطالبات بھی اجاگر کئے ۔ وفود کے ساتھ بات چیت کرتے ہوئے وزیر نے تمام شکایات اور مطالبات کو غور سے سُنا اور عوام کو یقین دلایا کہ حکومت جموں و کشمیر میں صحت کی دیکھ بھال اور تعلیم کے شعبوں کی مساوی ترقی اور مضبوطی کیلئے پرعزم ہے ۔ انہوں نے کہا کہ عوام کی طرف سے پیش کئے گئے حقیقی مسائل اور ترقیاتی خدشات کا مناسب ازالے کیلئے ترجیحی بنیادوں پر جائیزہ لیا جائے گا ۔ اس موقع پر منعقدہ ایک میٹنگ میں وزیر نے کلگام اور اننت ناگ اضلاع کے پروگرام آفیسر، سی ای او ، سی ایم او ، ڈی ایس ڈبلیو او ، ایگزیکٹو انجینئرز اور دیگر متعلقہ افسران کے ساتھ مختلف عوامی فلاحی پالیسیوں اور پروجیکٹوں پر عمل آوری پر پیش رفت کا جائیزہ لیا ۔ افسران کے ساتھ بات چیت کرتے ہوئے وزیر نے انہیں ہدایت دی کہ وہ میٹنگ کے دوران اٹھائے گئے مسائل کا فوری نوٹس لیں اور عوام کی سہولت اور بہبود کیلئے ترجیحی امور پر نمٹارے کو یقینی بنائیں ۔