دنیا سنگین بحران کا شکار ‘ شدید غربت پھیلنے کا اندیشہ :مودی

دی ہیگ/ایجنسیز// وزیر اعظم نریندر مودی نے عالمی معاشی صورتحال پر سخت تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اگر دنیا کے سنگین بحران کو فوری دور نہیں کیا گیا تو ساری دنیا میں بڑے پیمانے پر غربت و افلاس پھیل جانے کا خطرہ ہے اور غربت کے خلاف کئی دہوں سے جدوجہد کے بعد حاصل کی گئی پیشرفت بیکار ثابت ہوجائے گی ۔ وزیر اعظم نے نیدرلینڈ میں ہندوستانی باشندوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پہلے کورونا آیا ۔ پھر جنگیں شروع ہوگئیں اور اب دنیا میں توانائی کا بحران ہے ۔ اس طرح یہ دہا تباہیوں کا دہا بنتا جا رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ دنیا کو نئے چیلنجس سے نمٹنا پڑ رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ جاریہ دہا دنیا کیلئے کئی تباہیوں کا دہا بن رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اگر سنگین بحران کو حل کرنے اقدامات نہیں کئے گئے تو پھر اس کی عواقب و نتائج سنگین ہوسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر حالات کو تیزی سے بدلا نہیں گیا تو گذشتہ کئی دہوں سے جو کامیابیاں حاصل کی گئی ہیں وہ بے کار ہوجائیں گی اور دنیا کی آبادی کا ایک بڑا حصہ غربت میں چلا جائے گا ۔وزیر اعظز نے یہ ریمارکس ایسے کئے ہیں جبکہ ہندوستان میں بھی معاشی بے چینی کی کیفیت چل رہی ہے اور اس کی وجوہات میں مغرب ایشیاء بحران اور دوسری وجوہات شامل ہیں ۔اس دوران وزیر اعظم نے نیدرلینڈ کے کنگ ولیم الیگزینڈر اور ملکہ میکسیما سے ملاقات کی۔ وزارت خارجہ ترجمان کے مطابق وزیر اعظم مودی کی یہ ملاقات شاہی محل میں ہوئی۔ اس موقع پر دونوں فریقوں نے ہندوستان اور نیدرلینڈ کے درمیان بڑھتی شراکت داری پر تبادلۂ خیال کیا۔ بات چیت کے دوران پائیدار ترقی، موسمیاتی کارروائی، ڈیجیٹل ٹیکنالوجی، اختراع، فن ٹیک اور بحری معیشت کے شعبوں میں قریبی تعاون کا ذکر کیا گیا۔ فریقین نے ہند ۔نیدرلینڈ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔