موسم بہار میں بارش کی کمی 24فیصد برقرار، خشک سالی کے اثرات جاری

سردیوں میں 68فیصد شدید خسارہ، کشمیر میں 31فیصد اور جموں میں 18فیصد تنزلی

سرینگر// یو این ایس// جموں و کشمیر میں مارچ اور اپریل کے دوران ہونے والی بارشوں کے باوجود بہار کے موسم میں بارش کی مجموعی کمی اب بھی 24 فیصد برقرار ہے، جو حالیہ خشک سردیوں کے اثرات کو واضح کرتی ہے۔ محکمہ موسمیات کے اعداد و شمار کے مطابق یہ بہتری نومبر سے فروری کے درمیان ریکارڈ کی گئی 68 فیصد شدید بارش کمی کے بعد سامنے آئی ہے، جسے ’بڑی کمی‘ کے زمرے میں رکھا گیا تھا۔اعداد و شمار کے مطابق جموں ڈویڑن میں بہار کے دوران 18 فیصد کمی کے ساتھ تقریباً معمول کے مطابق بارش ہوئی، جبکہ کشمیر ڈویژن میں 31 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی، جو بدستور ’ڈیفیسٹ‘ زمرے میں آتی ہے۔یو این ایس کے مطابق مارچ اور اپریل کے دوران جموں میں 188.25 ملی میٹر بارش ہوئی جبکہ معمول 229.74 ملی میٹر ہے، اسی طرح کشمیر میں 162.7 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی جبکہ معمول 238.48 ملی میٹر ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق نومبر تا فروری کے دوران جموں اور کشمیر صوبوںمیں بالترتیب 69 فیصد اور 67 فیصد بارش کی کمی ریکارڈ کی گئی تھی، جس نے خطے کو شدید خشک سالی کی صورتحال سے دوچار کیا۔ضلع سطح پر کشمیر کے بیشتر علاقے بارش کی کمی کا شکار رہے، جن میں اننت ناگ منفی46فیصد، بڈگام 40منفی فیصد، کولگام منفی52فیصدفیصد، پلوامہ منفی32فیصد اور سرینگر منفی27فیصد شامل ہیں، جبکہ شوپیاں میںمنفی71 فیصد کمی کے ساتھ ’بڑی کمی‘ ریکارڈ کی گئی۔ بارہمولہ منفی13فیصد، گاندربل منفی7فیصداور کپواڑہ منفی10فیصدمیں نسبتاً معمول کے قریب بارش ہوئی۔جموں ڈویژن میں کٹھوعہ میں منفی61 فیصد کمی کے ساتھ شدید خسارہ ریکارڈ کیا گیا، جبکہ ڈوڈہ منفی31فیصد، جموں منفی23فیصد، کشتواڑ منفی33فیصد، رامبن منفی24فیصد اور ادھم پور منفی32فیصد میں بھی کمی دیکھی گئی۔ ریاسی میں منفی12 فیصد کے ساتھ معمول کے قریب بارش ہوئی، جبکہ پونچھ 21فیصد، راجوری11فیصد اور سامبا58فیصد میں معمول سے زیادہ بارش ریکارڈ کی گئی۔محکمہ موسمیات کے ڈائریکٹر ڈاکٹر مختار احمد نے کہا کہ بہار کی بارشوں نے خشک موسم کو کسی حد تک ختم کیا ہے اور گلیشیئرز، آبی ذخائر اور درجہ حرارت پر مثبت اثر ڈالا ہے، جس سے کسانوں کو بھی راحت ملی ہے۔ تاہم انہوں نے خبردار کیا کہ سردیوں کی شدید کمی کو مکمل طور پر پورا نہیں کیا جا سکتا اور اگر آئندہ مہینوں میں بارش کم رہی تو آبپاشی اور آبی وسائل متاثر ہو سکتے ہیں۔محکمہ موسمیات نے 4مئی کو ایک اور مغربی خلل کی پیشگوئی کی ہے، جس سے خطے میں مزید بارش متوقع ہے۔