وزیراعلیٰ عمر عبداللہ نے سمپورہ پانپور میں سرکاری ملازمین کیلئے 368 رہائشی یونٹوں کا اِفتتاح کیا

90.65روپے کروڑ کا منصوبہ رہائشی مسائل کے حل کیلئے اہم قدم

پانپور//وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے سمپورہ پانپور میں سرکاری ملازمین کے لئے 368 نئے تعمیر شدہ رہائشی یونٹوں کا اِفتتاح کیا جو 23 بلاکوں پر مشتمل ہیں اور جن پر تقریباً 90.65 کروڑ کی لاگت آئی ہے۔یہ منصوبہ اسٹیٹ ڈیپارٹمنٹ کی طرف سے تعمیر کیا گیا ہے اوریہ پروجیکٹ کشمیر وادی میں سرکاری رہائشی سہولیات کو مضبوط بنانے کی ایک اہم پیش رفت ہے۔ یہ حکومت کی اس وسیع حکمت عملی کا حصہ ہے جس کا مقصد ملازمین کی فلاح و بہبود کو بہتر بنانا اور انہیں جدید سہولیات سے آراستہ رہائش فراہم کرنا ہے۔اِس موقعہ پر وزیر اعلیٰ کے مشیرناصر اسلم وانی ،رکن اسمبلی پانپور حسنین مسعودی ، ایڈیشنل چیف سیکرٹری اسٹیٹس شالین کابرا،ضلع ترقیاتی کمشنر پلوامہ بشارت قیوم ، ڈائریکٹر اسٹیٹس اشونی کمار سمیت اعلیٰ افسران، انجینئران اور دیگر متعلقہ حکام موجود تھے۔وزیر اعلیٰ نے اسٹیٹس کوارٹروں کا اِفتتاح کیا اور نئے تعمیر شدہ فلیٹوں جن میں 2 بی ایچ کے اور 3 بی ایچ کے یونٹس شامل ہیں، کا معائینہ کیا۔ اُنہوں نے کینٹین اور میس کی سہولیات کا بھی جائزہ لیا اور اسٹیٹس ڈیپارٹمنٹ کے افسران سے آئندہ اور مجوزہ ہاؤسنگ پروجیکٹوں کے بارے میں جانکاری حاصل کی۔اِس منصوبے کی تکمیل سے سرکاری ملازمین کے لئے معیاری رہائش کی دستیابی میں نمایاں اضافہ ہوگا اور علاقے میں طویل عرصے سے درپیش رہائشی مسائل میں کمی آئے گی۔یہ منصوبہ موجودہ حکومت کی جانب سے سالانہ درباموئو کی بحالی کے پیش نظریہ پروجیکٹ مزید اہمیت اِختیار کرتا ہے جس کے باعث جموں اور سری نگر کے درمیان منتقل ہونے والے ملازمین کے لئے مناسب رہائش کی ضرورت دوبارہ بڑھ گئی ہے۔یہ رہائشی کوارٹرز بالخصوص دربار موئو سے وابستہ ملازمین کے ایک بڑے طبقے کو فائدہ پہنچائیں گے جو برسوں سے اپنے اہلِ خانہ کے لئے مناسب رہائش حاصل کرنے میں مشکلات کا سامنا کرتے رہے ہیں۔ ان یونٹوں کی دستیابی سے نجی رہائش پر انحصار کم ہوگا اور ملازمین کے کام کے حالات میں بہتری آئے گی۔اِس موقعہ پر وزیراعلیٰ نے خطاب کرتے ہوئے ملازمین کو مناسب خاندانی رہائش فراہم کرنے کے اَپنے عزم کا اعادہ کیا۔ اُنہوں نے کہا کہ ملازمین کی فلاح و بہبود حکومت کی اوّلین ترجیحات میں شامل ہے اور جموں و کشمیر بھر میں مرحلہ وار بنیادوں پر رہائشی ڈھانچے کو مزید وسعت دینے کے لئے اقدامات جاری ہیں۔اُنہوں نے مزید کہا کہ معیاری رہائش ملازمین کی کارکردگی اور حوصلے کو بہتر بنانے میں اہم کردار ادا کرتی ہے اور حکومت ایسے بنیادی ڈھانچے میں سرمایہ کاری جاری رکھے گی جو براہ راست ان کی فلاح و بہبود سے جڑا ہوا ہو۔