محنت کش طبقے کیلئے اَپنی نیک خواہشات کا اِظہار کیا
جموں//نائب وزیراعلیٰ سریندر کمار چودھری نے یوم مزدور کے موقعہ پر محنت کش طبقے کو معیشت کی ریڑھ کی ہڈی قرار دیتے ہوئے جموں و کشمیر میں مزدوروں کی معاشی فلاح اور سماجی تحفظ کو یقینی بنانے کے لئے حکومت کے پختہ عزم کا اعادہ کیا۔اُنہوں نے اَپنے پیغام میں اِس بات پر زور دیا کہ محنت کش ترقی اور پیش رفت کا محرک ہیں اور حکومت لیبر قوانین اور فلاحی سکیموں کی مؤثر عمل آوری کے ذریعے اُن کے حقوق کے تحفظ میں کوئی دقیقہ فروگذشت نہیں کرے گی۔ نائب وزیراعلیٰ نے کہا،’’ہمارے کارکن معاشی ترقی کی بنیاد ہیں۔ حکومت جموں و کشمیر کے ہر مزدور کے لئے محفوظ کام کے حالات، منصفانہ اُجرت، سماجی تحفظ اور محنت کے وقار کو یقینی بنانے کے لئے پُرعزم ہے۔‘‘اُنہوں نے اہم لیبر اصلاحات کو اُجاگر کرتے ہوئے اُجرتوں، صنعتی تعلقات، پیشہ ورانہ تحفظ اور سماجی سلامتی پر مشتمل جامع فریم ورک کے تعارف کا حوالہ دیا۔سریندر کمار چودھری نے ان اِصلاحات کو تاریخی قرار دیتے ہوئے کہا،’’نئے لیبر کوڈز محنت کشوں کے تحفظ اور فلاح و بہبود کو مضبوط بناتے ہوئے تعمیل کو آسان بناتے ہیں۔ ان کا مقصد عالمی کم از کم اُجرت، کام کی جگہ کی حفاظت، بہتر سماجی سلامتی اور تنازعات کے حل کے لئے مضبوط طریقہ کار کو یقینی بنانا ہے۔‘‘اُنہوں نے مزید کہا ،’’لیبر ڈیپارنمنٹ ایک منصفانہ، شفاف اور مزدور دوست ماحول کی تعمیر کے لئے جموں و کشمیر میں ان اصلاحات کی مؤثرعمل آوری کے لئے فعال طور پر کام کر رہا ہے۔‘‘نائب وزیراعلیٰ نے بیداری اور رَسائی کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے تمام اہل کارکنوں کی رجسٹریشن کو یقینی بنانے کے لیے وسیع مہمات چلانے پر زور دیا تاکہ وہ مرکزی اوریونین ٹیریٹر ی سطح کی مختلف فلاحی سکیموں سے فائدہ اُٹھا سکیں۔اُنہوں نے کہا،’’مزدوروں کی معاشی تحفظ کو مضبوط کرنے اور ان کے معیارِ زندگی کو بہتر بنانے کے لئے لیبر فلاحی سکیموں کی زیادہ سے زیادہ رسائی ضروری ہے۔‘‘










