جاوید رانا نے پونچھ میں سیلابی اِمداد ، ٹریفک مینجمنٹ اور اِی ایم آر ایس کے کام کاج کا جائزہ لیا

جاوید رانا نے پونچھ میں سیلابی اِمداد ، ٹریفک مینجمنٹ اور اِی ایم آر ایس کے کام کاج کا جائزہ لیا

جموں//وزیر برائے جل شکتی، جنگلات وماحولیات اور قبائلی امورمحکمہ جات جاوید احمد رانا نے ایک میٹنگ کی صدارت کی جس میں ضلع پونچھ میں سیلاب سے متعلق اِمدادی کوششوں، ٹریفک کے اِنتظام، مٹی کے تحفظ کے اَقدامات اور اہم ترقیاتی امور کا جائزہ لیا گیا۔میٹنگ میںضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ اشوک شرما اور متعلقہ محکموں کے سینئر ضلعی اَفسران نے بذریعہ ویڈیو کانفرنسنگ شرکت کی۔ میٹنگ کا مقصد سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں اَمداد کی فراہمی کو تیز کرنا اور بنیادی ڈھانچے کو مضبوط بنانا تھا۔وزیر موصوف نے کالابن، سرہوتی اور سنگیوتے میں سیلاب متاثرہ کنبوں کے لئے اِمدادی ڈھانچوں کی صورتحال کا جائزہ لیتے ہوئے تاخیر پر تشویش کا اظہار کیا اور حکام کو ہدایت دی کہ وہ مزید تاخیر کے بغیر اس عمل کو تیز کریں۔اُنہوں نے حکومت کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ اِمداد ہر متاثرہ گھر تک پہنچنی چاہیے ۔ اُنہوں نے کہا، ’’کوئی بھی متاثرہ فرد پیچھے نہیں رہنا چاہیے۔ حکومت ہر متاثرہ کنبے کو اِمداد فراہم کرنے کے لئے پوری طرح پُرعزم ہے۔‘‘وزیر جاوید رانا نے طویل المدتی استحکام کی اہمیت کو اُجاگر کرتے ہوئے دیرپا بحالی کے اقدامات پر زور دیا جن میں مٹی کا تحفظ، ڈھلوانوں کو مستحکم کرنا، نکاسی آب کی بہتری اور شجرکاری مہم شامل ہیں۔اُنہوں نے ہدایت دی کہ وسائل کے زیادہ سے زیادہ اِستعمال کو یقینی بنانے کے لئے ان اقدامات کو محکمہ جنگلات کے ساتھ ہم آہنگی کے ساتھ اَنجام دیا جائے۔وزیر موصوف نے مینڈھر اور دیگر علاقوں میں غلط پارکنگ کی وجہ سے ٹریفک جام کا سخت نوٹس لیتے ہوئے اِنتظامیہ کو فوری اِصلاحی اَقدامات کی ہدایت دی۔اُنہوں نے بھاری گاڑیوں کی آمد و رفت کو منظم کرنے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ مناسب ٹائمنگ شیڈول نافذ کیا جائے تاکہ سکول بسوں اور ایمرجنسی خدمات بشمول ایمبولینسوں میں خلل نہ پڑے۔جاوید رانا نے حکام کو ترقیاتی پروگراموں کی منصوبہ بندی اور عمل آوری میں منتخب عوامی نمائندوں کو شامل کرنے کی بھی ہدایت کی۔اُنہوں نے اِس با ت پر زور دیا کہ عوامی نمائندے زمینی سطح کے مسائل کی عکاسی میں اہم کردار اَدا کرتے ہیں اور اس لئے انہیں ہر مرحلے پر باخبر رکھا جانا چاہیے اور مشاورت کی جانی چاہیے۔وزیر موصوف نے ایکلاویہ ماڈل رہائشی سکول (اِی ایم آر ایس) کے کام کاج کا بھی جائز لیتے ہوئے ہدایت دی کہ تمام زیر اِلتوا ٔ تعمیراتی کام مقررہ وقت کے اندر مکمل کئے جائیں۔اُنہوں نے اَفرادی قوت کی دستیابی، پانی کی فراہمی کی دیرپائی اور بنیادی ڈھانچے کی بہتری جیسے امور کا جائزہ لیا جن میں لڑکوں اور لڑکیوں کے ہوسٹل اور ڈائننگ ہال کی سہولیت میںبہتری شامل ہے۔وزیرنے ہدایت دی کہ تمام زیر اِلتوا ٔمسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے تاکہ طالب علموں کے لئے رہائش اور تعلیمی ماحول کو بہتر بنایا جا سکے۔