جموں//وزیر برائے جل شکتی ، جنگلات و ماحولیات اور قبائلی امور مسٹر جاوید احمد رانا نے پونچھ ضلع میں جموں پاور ڈسٹری بیوشن کارپوریشن لمٹیڈ کے کام کاج کا جائیزہ لیا جس میں اصلاح شدہ ڈسٹری بیوشن سیکٹراسکیم کے نفاذ کو تیز کرنے پر خصوصی توجہ دی گئی ۔ میٹنگ میں جے پی ڈی سی ایل کے منیجنگ ڈائریکٹر ، چیف انجینئر اور دیگر سینئر افسران نے شرکت کی جنہوں نے وزیر کو کاموں کی موجودہ صورتحال سے آگاہ کیا اور ضلع میں آر ڈی ایس ایس کے تیزی سے نفاذ کیلئے روڈ میپ کا خاکہ پیش کیا ۔ وزیر موصوف نے پیش رفت کا تفصیلی جائیزہ لیا ۔ آر ڈی ایس ایس کو ایک تبدیلی کا اقدام قرار دیتے ہوئے جس کا مقصد بجلی کی تقسیم کیء شعبے کو جدید اور مضبوط بنانا ہے ، انہوں نے بہتر کارکردگی ، سخت جوابدہی اور فعال منصوبہ بندی کی ضرورت پر زور دیا ۔ انہوں نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ وہ رکاوٹوں کی فوری نشاندہی کریں اور رفتار کو برقرار رکھنے کیلئے ان کے بروقت حل کو یقینی بنائیں ۔ ضلع کے کچھ حصوں میں پیش رفت کی سست رفتار پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے وزیر موصوف نے افسران کو جاری کاموں میں تیزی لانے اور تمام رکاوٹوں کو دور کرنے کی ہدایت دی ۔ انہوں نے خاص طور پر دور دراز اور پسماندہ علاقوں میں قابل اعتماد اور مساوی بجلی کی فراہمی کو یقینی بنانے کیلئے حکومت کے عزم کا اعادہ کیا ۔










