زراعت او ر اس سے منسلک شعبوں میں تعاون پر تبادلہ خیال
نئی دہلی//ہندوستان میں آسٹریلین ہائی کمشنر فلپ گرین نے آج جموں و کشمیر کے وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ سے ملاقات کی اور زراعت و اس سے منسلک شعبوں میں تعاون بڑھانے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا۔ دورانِ بات چیت دونوں فریقین نے زراعت اور اس سے منسلک شعبوںبالخصوص باغبانی اور مویشی پروری میں اِشتراک کے مواقع کا جائزہ لیا۔ پیداوار اور دیرپائی کو بہتر بنانے کے لئے معلومات کے تبادلے، بہترین طریقۂ کار اَپنانے اور صلاحیت سازی پر زور دیا گیا۔بات چیت میں جموں و کشمیر میں جاری ترقیاتی اَقدامات کی حمایت کے لئے ادارہ جاتی روابط اور تکنیکی تعاون کے امکانات پر بھی بات کی گئی جو ہندوستان۔آسٹریلیا تعلقات کے وسیع تناظر کا حصہ ہیں۔ یہ تعلقات مستقبل پر مرکوز رہی اور باہمی تعاون کو مناسب ذرائع کے ذریعے مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔اِس موقعہ پر آسٹریلین ہائی کمیشن کے سیکنڈ سیکرٹری اورسن پاسی اور پولیٹیکل لیڈ وندنا سیٹھ بھی موجود تھیں۔










