وزیر جاوید رانا نے ڈوڈہ میں ایک کنونشن کی صدارت کی

عوامی شکایات کے فوری اَزالے کی یقین دہانی کی

ڈوڈہ//وزیر برائے جل شکتی، جنگلات و ماحولیات اور قبائلی امور جاوید احمد رانا نے جمعہ کے روز یہاں ٹاؤن ہال میں ایک کنونشن کی صدارت کی جس دوران زِندگی کے مختلف طبقوں سے تعلق رکھنے والے اَفراد نے اَپنے اَپنے علاقوں کے مسائل وزیر موصوف کو گوش گزار کئے۔ اِستفساری سیشن کے دوران وزیر موصوف نے لوگوں کے ساتھ تفصیلی بات چیت کی جنہوں نے چناب ویلی کے مختلف حصوں کو درپیش اہم او رترقیاتی مسائل کو اُجاگر کیا۔شرکاء نے سیلاب سے متاثرہ کنبوں کو معاوضہ نہ ملنے، ڈوڈہ شہر میں پینے کے پانی کی قلت اور یومیہ اُجرت پر کام کرنے والے مزدوروں کی مستقلی اور اُجرت کی اَدائیگی میں تاخیر جیسے مسائل کو پیش کیا۔اِس کے علاوہ آبپاشی کوہلوں کی مرمت اور صفائی کی ضرورت، ترقیاتی کاموں کے لئے جنگلاتی منظوریوں میں تاخیراور جل جیون مشن کے تحت واٹر سپلائی سکیموںکی عمل آوری میں سست رفتار ی پر بھی تشویش کا اِظہار کیا گیا۔شرکأ نے زور دیا کہ ضلع میں معیار زِندگی کو بہتر بنانے کے لئے ان شعبوں میں بروقت مداخلت ضروری ہے۔جاوید رانا نے مسائل کا جواب دیتے ہوئے یقین دِلایا کہ وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ کی قیادت والی حکومت عوامی مسائل کے فوری اور ذمہ دارانہ حل کے لئے پُرعزم ہے۔یہ بات قابلِ ذکر ہے کہ وزیرموصوف اس وقت چناب ویلی کے تفصیلی دورے پر ہیں اور اس مہم کے تحت عوامی میٹنگیںمنعقد کریں گے، شہریوں سے روبرو بات چیت کریں گے اور ضلع سطح کے جائزہ میٹنگوں کی صدارت کریں گے تاکہ ترقیاتی کاموں کی نگرانی اور اہم حکومتی سکیموں کے مؤثرعمل آوری کو یقینی بنایا جا سکے۔اُنہوںنے مزید کہا کہ جوابدہ طرزِ حکمرانی نہایت اہم ہے اور جموں و کشمیر کے مختلف علاقوں اور ذیلی خطوں میں ترقیاتی خلا کو دُور کرنے کی کوششیں کی جا رہی ہیں۔اُنہوں نے شراکت داروں پر زور دیا کہ وہ نچلی سطح پر فعال کردار اَدا کریں، عوام کے ساتھ قریبی رابطہ برقرار رکھیں اور حکومت اور عوام کے درمیان ایک مؤثر رابطے کا کردار اَدا کریں۔