ماحولیاتی سیاحت اور سبز بنیادی ڈھانچے کو فروغ دینے کی جانب ایک اہم قدم
رام بن//وزیر برائے جل شکتی، جنگلات و ماحولیات اور قبائلی امورمحکمہ جات جاوید احمد رانا نے بٹوت رام بن میں سٹی فارسٹ پارک کا اِفتتاح کیاجو خطے میں سبز بنیادی ڈھانچے کو مضبوط بنانے اور ماحولیاتی سیاحت کو فروغ دینے کی جانب ایک اہم قدم ہے۔اِس موقعہ پر وزیر موصوف کے ہمراہ قانون ساز سجاد شاہین اور ارجن سنگھ راجو، چیف کنزرویٹر آف فارسٹ جموں ڈاکٹر وی سنتھل کمار، کنزرویٹر آف فارسٹ چناب سرکل ڈاکٹر اے ڈِی سنگھ اور محکمہ جنگلات کے دیگر اَفسران بھی تھے۔جموں و کشمیر محکمہ جنگلات کی جانب سے تیار کردہ یہ سٹی فارسٹ پارک 12 ہیکٹر رقبے پر تقریباً 62 لاکھ روپے کی تخمینہ لاگت سے قائم کیا گیا ہے۔اس اَقدام کا مقصد مقامی باشندوں اور سیاحوں کے لئے ایک پُرکشش تفریحی سبز مقام فراہم کرنا ہے جبکہ بیک وقت ماحولیاتی تحفظ کو آگے بڑھانا اور ماحولیاتی بیداری کو فروغ دینا ہے۔وزیر جاویدرانا نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ماحولیاتی معیار اور عوامی فلاح و بہبود کو بہتر بنانے میں شہری جنگلاتی مقامات کی بڑھتی ہوئی اہمیت پر زور دیا۔اُنہوں نے کہا کہ اِس طرح کے اَقدامات نہ صرف ماحولیاتی تحفظ میں عوامی شرکت کو فروغ دیتے ہیں بلکہ فطرت پر مبنی سیاحت کے فروغ کا ذریعہ بھی بنتے ہیں۔وزیر موصوف نے وسیع تر ماحولیاتی اثرات کو اُجاگر کرتے ہوئے کہا کہ سٹی فارسٹ پارک جیسے منصوبے موسمیاتی تبدیلیوں کے خلاف مزاحمت کو مضبوط بنانے میں معاون ثابت ہوتے ہیں جبکہ عوام کے لئے صحت مند اور آسان تفریحی مواقع بھی فراہم کرتے ہیں۔پارک کو ماحول دوست سہولیات کے ساتھ سوچ سمجھ کر ڈیزائن کیا گیا ہے تاکہ دیرپائی کو برقرار رکھتے ہوئے سیاحوںکے تجربے کو بڑھایا جا سکے۔اہم خصوصیات میں خوبصورتی کے مناظر پیش کرنے والے ویو پوائنٹس، فطرت کے شوقین اَفراد کے لئے 50 میٹرکی پیدل چلنے والی پگڈنڈی، ایک لکڑی کا پُل جو کام کرنے کی فعالیت اور جمالیاتی دِلکشی دونوں فراہم کرتا ہے اور مٹی و نمی کے تحفظ کے اَقدامات جیسے ڈرائی روبل سٹون میسنری (ڈِی آر ایس ایم) شامل ہیں۔وزیر جاوید رانا نے مستقبل کے منصوبوں کا خاکہ پیش کرتے ہوئے پارک کو مزید بہتر بنانے کے لئے کئی تجاویز پیش کیں جن میں ایک اضافی لکڑی کا پُل تعمیر کرنا، بچوں کے لئے مخصوص پارک بنانا، تھیم پر مبنی نگر وین قائم کرنا، نوجوانوں کو متوجہ کرنے کے لئے سیلفی پوائنٹ بنانا اور مزید ویو پوائنٹس کا اضافہ شامل ہے۔










