سرینگر// وزیر برائے خوراک ، شہری رسد اور امور صارفین ، انفارمیشن ٹیکنالوجی ، یوتھ سروسز اینڈ سپورٹس ، سائنس اینڈ ٹیکنالوجی اور اے آر آئی اور ٹریننگ مسٹر ستیش شرما نے شیر کشمیر انٹر نیشنل کانفرنس سنٹر ( ایس کے آئی سی سی ) میں آئندہ قومی سطح کے چنتن شیور کیلئے کئے جانے والے انتظامات کا تفصیلی معائنہ کیا ۔ دورے کے دوران وزیر نے پروقار تقریب کے خوش اسلوبی سے اور کامیاب انعقاد کیلئے کئے گئے تمام لاجسٹک ، انتظامی اور حفاظتی انتظامات کا جامع جائیزہ لیا ۔ انہوں نے کانفرنس کے مرکزی مقامات ، بریک آؤٹ ہالز ، بیٹھنے کے انتظامات ، ڈیجیٹل اور آئی ٹی انفراسٹرکچر ، میڈیا کی سہولیات ، معززین کیلئے رہائش کے منصوبے ، ٹرانسپورٹیشن لاجسٹکس ، صفائی ، پاور بیک اپ اور ایمر جنسی رسپانس میکانزم کا معائنہ کیا ۔ وزیر موصوف کو متعلقہ افسران نے مختلف محکموں کی تیاریوں کے بارے میں آگاہ کیا جس میں سول انتظامیہ ، پولیس ، مہمان نوازی ، ٹرانسپورٹ اور ٹورازم ونگز کے درمیان کوارڈینیشن شامل ہے تا کہ ایونٹ کو بغیر کسی رکاوٹ کے انعقاد کو یقینی بنایا جا سکے ۔ چنتن شیور میں سینئر افسران اور پالیسی ماہرین کے ساتھ ملک سے کھیلوں کے وزراء کی شرکت متوقع ہے ، جو ہندوستان میں کھیلوں کی ترقی سے متعلق وسیع مسائل پر غور و خوض کریں گے ۔ بحث کے اہم شعبوں میں نچلی سطح پر کھیلوں کے ماحولیاتی نظام کو مضبوط بنانا ، کھیلوں میں شمولیت کو فروغ دینا ، کھیلوں کے انتظام میں ٹیکنالوجی کا فائدہ اٹھانا ، ٹیلنٹ کی شناخت اور پرورش کے طریقہ کار اور نوجوانوں کی شمالیت اور قوم کی تعمیر میں کھیلوں کے کردار کو بڑھانا شامل ہے ۔










