جموں//وزیر برائے زرعی پیداوار ، دیہی ترقی و پنچایتی ، اِمدادِ باہمی او رالیکشن محکمہ جات جاوید احمد ڈار نے منگل کے روز یہاں سول سیکرٹریٹ میں ایف آئی سی سی آئی لیڈیز آرگنائزیشن کے ایک وفد سے ملاقات کی اور خواتین کو بااِختیار بنانے اور کاروباری سرگرمیوں کو فروغ دینے کے لئے حکومت کے عزم کا اعادہ کیا۔وفد نے جموںوکشمیر میں خواتین کی قیادت میں کاروباری اِداروں کو فروغ دینے، ہنر مندی کی ترقی اور خواتین کی معاشی شراکت داری سے متعلق مختلف مسائل اُٹھائے ۔ اُنہوں نے خواتین کاروباری اَفراد کے لئے اِدارہ جاتی معاونت کو مضبوط بنانے اور منڈیوں تک رَسائی بہتر بنانے کے لئے تجاویز بھی پیش کیں۔وزیرموصوف نے وفد کو یقین دِلایا کہ اُن کے مسائل کو مقررہ وقت کے اندر حل کیا جائے گا۔ اُنہوں نے کہا کہ حکومت خواتین کاروباری اَفراد کے لئے سازگار ماحول پیدا کرنے پر توجہ دے رہی ہے جس کے لئے ہدفی اقدامات، مالی وسائل تک بہتر رَسائی اور صلاحیت سازی کے پروگرام شامل ہیں۔اُنہوں نے جامع ترقی پر زور دیتے ہوئے کہا کہ خواتین معاشی ترقی کی کلیدی محرک ہیں اوردیرپا ترقی بالخصوص دیہی علاقوں میں ان کی فعال شمولیت ناگزیر ہے۔وزیر جاوید ڈار نے کاروبار اور روزگار کے مواقع بڑھانے کے لئے جاری کوششوں کو بھی اُجاگر کیا اور کہا کہ عمر عبداللہ کی حکومت اس بات کے لئے پُرعزم ہے کہ خواتین کو اَپنے کاروبار کو وسعت دینے اور برقرار رکھنے کے لئے مناسب معاونت فراہم کی جائے۔










