دسویں جماعت کے سمر زون کے نتائج کا اعلان اور 88.85فیصد طلبأکامیاب قرار

وزیر تعلیم سکینہ اِیتو نے شاندار نتائج کیلئے طلباء کو سراہا،کہا، نتائج حکومت کی تعلیمی شعبے کو مضبوط بنانے کی مسلسل توجہ کا عکاس ہیں

جموں//جموں و کشمیر بورڈ آف سکول ایجوکیشن (جے کے بی او ایس اِی) نے صوبہ جموں کے سمر زون علاقوں کے سالانہ ریگولر دسویں جماعت کے نتائج کا اعلان کیا۔اِمتحان میں مجموعی طور پر 50,754اُمیدواروں نے شرکت کی جن میں سے 45,094 اُمیدوار کامیاب ہوئے اور مجموعی کامیابی کا تناسب 88.85 فیصد رہا جو گزشتہ برس کے 79.94 فیصد کے مقابلے میں بہت بہتر ہے۔اُمیدواروں میں سے27,486 لڑکے اور 23,268 لڑکیاں اِمتحان میں شریک ہوئیں۔ ان میں سے 24,054لڑکے اور 21,040لڑکیاں کامیاب ہوئیں۔ لڑکوں کی کامیابی کی شرح 87.51 فیصد رہی جبکہ لڑکیوں کے پاس ہونے کا تناسب 90.42 فیصد رہا۔اِمتحان 527سینٹروں پر خوش اسلوبی سے منعقد کیا گیا۔ یہ بات قابلِ ذِکر ہے کہ سرکاری سکولوں سے 26,706 اُمیدوار وں نے کولیفائنگ کے ساتھ شرکت کی جن میں سے 22,283 کامیاب ہوئے اور کامیابی کی شرح 83.44 فیصد رہی۔پرائیویٹ سکولوں سے 24,048 اُمیدواروں نے کوالیفائنگ کے ساتھ شرکت کی جن میں سے 22,811 کامیاب ہوئے اور کامیابی کی شرح 94.86 فیصد رہی۔وزیر برائے تعلیم، سماجی بہبود، صحت و طبی تعلیم محکمہ جات سکینہ اِیتو نے دسویں جماعت (سمر زون) کے طالب علموں کو شاندار کامیابی پر دِلی مُبارک باد پیش کی۔وزیرموصوفہ نے طلبأ کی محنت، لگن اور ثابت قدمی کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ نتائج ان کے عزم اور اساتذہ، والدین اور تعلیمی نظام کی مشترکہ کوششوں کا ثبوت ہیں۔ اُنہوں نے مزید کہا کہ سرکاری سکولوں کا 83.44 فیصد پاس ہونا بہت حوصلہ افزا ہے اور سرکاری اِداروں میں تعلیمی معیار کی بہتری کو اُجاگر کرتا ہے۔اُنہوں نے کہا،’’یہ شاندار نتائج حکومت کی تعلیمی شعبے کو مضبوط بنانے اور جموں و کشمیر میں معیاری تعلیم کو یقینی بنانے کی مسلسل توجہ کا مظہر ہیں۔‘‘وزیر تعلیم نے طالبات کی کامیابیوں کو اُجاگر کرتے ہوئے ان کی شاندار کارکردگی کو سراہا۔ اُنہوں نے فخر کے ساتھ کہا کہ لڑکیوں نے ایک بار پھر لڑکوں سے سبقت حاصل کی جو ان کے عزم، حوصلے اور تعلیمی برتری کا ثبوت ہے۔اُنہوں نے کہا،’’یہ کامیابی نہ صرف باعثِ فخر ہے بلکہ تعلیم کے ذریعے لڑکیوں کو بااِختیار بنانے کے لئے حکومت کی مختلف سکیموں کے مثبت اثرات کی واضح نشاندہی بھی کرتی ہے۔‘‘اُنہوں نے طالب علموں کی توجہ مرکوز او رحوصلہ افزائی کرنے کی ترغیب دیتے ہوئے اُن پر زور دیاکہ وہ اَپنے مستقبل کے تعلیمی کرئیر کے اہداف کو اعتماد اور عزم کے ساتھ حاصل کریں۔ اُنہوں نے اُن طلبأکو بھی نصیحت کی جو توقع کے مطابق کارکردگی کا مظاہرہ نہیں کرسکے وہ پُر اُمید رہیں اور مزید محنت کریں کیوں کہ کامیابی ایک مسلسل سفر ہے۔وزیر موصوفہ نے مزید کہا کہ حکومت ایک جامع، منصفانہ اور معیاری تعلیمی نظام فراہم کرنے کے لئے پُرعزم ہے۔ اُنہوں نے یقین دِلایا کہ بنیادی ڈھانچے کو بہتر بنانے، تدریسی معیار کو بلند کرنے اور تمام طالب علموں کے لئے سازگار تعلیمی ماحول فراہم کرنے کے لئے مسلسل اقدامات کئے جا رہے ہیں۔