سرینگر میں مختلف زیر تعمیر پروجیکٹوں کی پیش رفت کا جائیزہ لیا
سرینگر//نائب وزیر اعلیٰ مسٹر سریندر چودھری نے کہا کہ سیر باغ ۔ سیمپورہ پُل مکمل ہونے کے قریب ہے اور اسے جلد از جلد عوام کیلئے کھول دیا جائے گا ۔ ان باتوں کا اظہار نائب وزیر اعلیٰ نے جاری کاموں کی رفتار اور معیار کا جائیزہ لینے کیلئے پروجیکٹ سائٹ کے دورے کے دوران کیا ۔ ان کے ہمراہ ایم ایل اے چاڈورہ علی محمد ڈار ، چیف انجینئر پی ڈبلیو ڈی، سپرنٹنڈنگ انجینئر اور دیگر متعلقہ افسران بھی تھے ۔ معائنہ کے دوران نائب وزیر اعلیٰ نے معیارات پر سختی سے عمل کرنے اور پروجیکٹ کی بروقت تکمیل پر زور دیا ۔ انہوں نے کام کی رفتار پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پل تعمیر کے آخری مراحل میں ہے ۔ پروجیکٹ کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ پُل سیمپورہ ، سیر باغ ، سمر بُگ اور چاڈورہ ، پامپور اور سرینگر کے ملحقہ علاقوں کے رہائشیوں کیلئے رابطے اور رسائی میں بہت زیادہ اضافہ کرے گا جس سے عوام کے ایک بڑے حصے کو فائدہ پہنچے گا ۔ بعد ازاں نائب وزیر اعلیٰ نے سرینگر کے حیدر پورہ میں پی ڈبلیو ڈی ( آر اینڈ بی ) کے گیسٹ ہاوس کا معائینہ کیا اور انجینئرنگ آفس کم کانفرنس ہال کی تعمیر کیلئے مجوزہ جگہ کا جائیزہ لیا ۔ اس موقع پر موجود افسران نے انہیں مجوزہ سہولت کے ڈیزائن اور دائرہ کار سے آگاہ کیا ۔ انہوں نے متعلقہ ایجنسی کو ہدایت دی کہ معیار کو برقرار رکھتے ہوئے منصوبے کی مناسب منصوبہ بندی اور اس پر تیزی سے عملدرآمد یقینی بنایا جائے ۔ انہوں نے گیسٹ ہاوس کی حالت کا بھی جائیزہ لیا اور اس کے انفراسٹرکچر اور افادیت کو بہتر بنانے کیلئے ضروری اقدامات پر تبادلہ خیال کیا ۔ معائنہ کے دوران سینئر افسران بشمول چیف انجینئر پی ڈبلیو ڈی وسطی کشمیر ، ایگزیکٹو انجینئرس اور دیگر عہدیدار موجود تھے ۔










