جاوید رانا کا سرنکوٹ میں کویت حادثے کے متاثرین کے اہل خانہ کے ساتھ اِظہارِ تعزیت

جاوید رانا کا سرنکوٹ میں کویت حادثے کے متاثرین کے اہل خانہ کے ساتھ اِظہارِ تعزیت

سرنکوٹ//وزیر برائے جل شکتی ، جنگلات و ماحولیات اور قبائلی اَمور محکمہ جات جاوید احمدرانا نے سرنکوٹ کے بچھیا ں والی گائوں کادورہ کیا تاکہ کویت میں حال ہی میں پیش آئے ایک المناک حادثے میں جاں بحق اَفراد کے اہل خانہ سے دِلی اظہار تعزیت کی جاسکے ۔اُنہوں نے سوگوار کنبوں سے ملاقات کی اور ان کے پیاروں کے اچانک اِنتقال پر گہرے دُکھ کا اِظہارکیا۔یہ بات قابلِ ذکر ہے کہ راجوری اور پونچھ اضلاع سے تعلق رکھنے والے چھ افراد کویت میں ایک المناک سڑک حادثے میں اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے تھے۔وزیرموصوف نے دُکھ اِس گھڑی میں اُن کے ساتھ ہمدردی اور یکجہتی کا اِظہارکرتے ہوئے مرحومین کی مغفرت ،درجات کی بلندی اور ابدی سکون کے لئے دُعا کی ۔اُنہوں نے اُن کے اہلِ خانہ کو یہ صدمہ عظیم اور ناقابل تلافی نقصان کوبرداشت کرنے کی ہمت کے لئے بھی دُعا کی۔اُنہوں نے کہا کہ متاثرہ کنبوںکو فوری اِمداد فراہم کرنے اورہر ممکن مدد پہنچانے کے لئے تمام ضروری اَقدامات کئے جائیں گے تاکہ وہ اَپنے اس گہرے دُکھ کے وقت میں خود کو تنہا محسوس نہ کریں۔ اُنہوں نے یقین دِلایا کہ حکومت اس مشکل وقت میں ان کے ساتھ شانہ بہ شانہ کھڑی ہے۔جاویدرانا نے وزارتِ خارجہ سے بھی اپیل کی کہ تمام ضروری قانونی اور دیگر کارروائیاں جلد از جلد مکمل کی جائیں تاکہ جان بحق اَفراد کی میتوں کو جلد وطن واپس لایا جا سکے۔اُنہوں نے اِس بات پر زور دیا کہ اہلِ خانہ کے لئے ضروری ہے کہ وہ اَپنے پیاروں کی آخری رسومات اَپنے آبائی وطن میںعزت و احترام کے ساتھ اَدا کرسکیں۔ جاوید رانانے کہا کہ وہ اس سلسلے میں متعلقہ حکام سے بات کریں گے تاکہ اس عمل کو جلد مکمل کیا جا سکے۔