فلمیں زبان اورثقافت کے فروغ دینے کا بہترین ذریعہ ہیں۔ نائب وزیر اعلیٰ

فلمیں زبان اورثقافت کے فروغ دینے کا بہترین ذریعہ ہیں۔ نائب وزیر اعلیٰ

جموں میں ڈوگری فلم ’ شاہ شہنی‘ کاٹیزر جاری

جموں// نائب وزیر اعلیٰ سریندرکمار چودھری نے پریس کلب جموں میں ڈوگری فیچر فلم ’شاہ شہنی‘ کا ٹیزر جاری کیا۔اِس موقعہ پر نائب وزیراعلیٰ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ فلمیں زبان، ثقافت اور ورثے کے فروغ اور تحفظ کے لئے سب سے زیادہ مؤثر ذرائع میں سے ایک ہیں ۔ اُنہوں نے فلم سازوں کی کوششوں کی سراہنا کی جن میں اس کے ڈائریکٹر راج نیش کمار گپتا شامل ہیں جنہوں نے ایک ڈوگری فلم بنائی اور سینما کے ذریعے علاقائی شناخت کو اُجاگر کیا۔اُنہوں نے کہا کہ حکومت جموں و کشمیر فلم اِنڈسٹری کی حمایت کے لئے پُرعزم ہے اور فلم سازوں کو ہر ممکن مدد فراہم کرے گی۔ اُنہوں نے مزید کہا کہ فلم پروڈکشن کے لئے سازگار ماحول پیدا کرنے کے لئے پالیسی سپورٹ اور مراعات جیسے اقدامات کئے جا رہے ہیں۔نائب وزیر اعلیٰ نے علاقائی سینما کی اہمیت کو اُجاگر کرتے ہوئے کہا کہ یہ ثقافتی جڑوں کو مضبوط بنانے اور نئی نسل کو اپنی لسانی وراثت سے جوڑنے میں اہم کردار اَدا کرتا ہے۔ اُنہوں نے لوگوں پر زور دیا کہ وہ ڈوگری فلموں کو دیکھیں اور ان کی تشہیر کریںتاکہ یہ زبان کو فروغ ملتا رہے ۔اُنہوں نے فلم’ شاہ شہنی‘ کے بارے میں اُمید ظاہر کی کہ یہ فلم کو بھرپور پذیرائی ملے گی اور بڑی تعداد میں شائقین کو اَپنی طرف متوجہ کرے گی۔ اُنہوں نے کہا کہ سینما میں مختلف طبقات کے درمیان فاصلے کم کرنے اور مشترکہ تاریخ، جذبات اور ثقافتی اَقدار کو اُجاگر کرنے کی صلاحیت موجود ہے۔نائب وزیراعلیٰ نے اِجتماعی کوششوں پر زور دیتے ہوئے تمام کمیونٹیوںسے اپیل کی کہ وہ ڈوگری سینما کی حمایت کریںاور کہا کہ یہ زبان مذہب یا پس منظر سے بالاتر ہو کر سب کی مشترکہ شناخت کا حصہ ہے۔اِس موقعہ پر سینئر اَفسران، فلمی شخصیات، میڈیا نمائندگان اور معزز شہری موجود تھے۔نائب وزیر اعلیٰ نے ’شاہ شہنی‘ کی پوری ٹیم کو مُبارک باد دِی اور ان کے مستقبل کے کوششوں کے لئے نیک خواہشات کا اِظہار کیا۔