حکومت جموںوکشمیر میں صنعتی ترقی کیلئے پُر عزم ہے ۔ نائب وزیراعلیٰ

حکومت جموںوکشمیر میں صنعتی ترقی کیلئے پُر عزم ہے ۔ نائب وزیراعلیٰ

صدر جے سی سی آئی کے ساتھ صنعتی فروغ اور غیرفعال یونٹوں کی بحالی پر تبادلہ خیال

جموں//نائب وزیر اعلیٰ سریندر کمار چودھری نے جموں و کشمیر میں صنعتی شعبے کو مضبوط بنانے اور فروغ دینے کے لئے حکومت کے عزم کا اعادہ کیا۔اُنہوں نے اِن باتوں کا اِظہار آج سول سیکرٹریٹ جموں میں صدر چیمبر آف کامرس اینڈ اِنڈسٹری جموں ارون گپتا اور خزانچی راجیش گپتا سے ملاقات کے دوران ایک میٹنگ کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔دوران میٹنگ صنعتی شراکت داروں کو درپیش مختلف مسائل پر تفصیلی بات چیت ہوئی۔ نائب وزیر اعلیٰ نے یقین دِلایا کہ حکومت ان مسائل کے حل کیلئے بروقت اور مؤثر اقدامات اُٹھا رہی ہے۔اُنہوں نے مالی شکار اور غیر فعال صنعتی یونٹوں کی بحالی پر زور دیتے ہوئے کہاکہ کاروبار میں آسانی پیدا کرنے اور صنعتوں کی بہتراور بروقت کارکردگی کو یقینی بنانے کے لئے صنعتی پالیسی میں اِصلاحات ضروری ہیں۔اُنہوں نے صنعتی اکائیوں کے بغیر کسی رُکاوٹ کے کام کرنے کے لئے صنعتی اسٹیٹس میں بلاتعطل پانی اور بجلی کی فراہمی، بہتر سڑکوں کے رابطے اور دیگر ضروری سہولیات سمیت مناسب انفراسٹرکچر فراہم کرنے کی اہمیت کو اُجاگر کیا۔اِس موقعہ پر شراکت داروں نے کئی اہم مسائل اُٹھائے جن میں صنعتی مراعاتی پیکجز، الاٹمنٹ کی بروقت فراہمی، رجسٹریشن کے عمل کو آسان بنانا اور مرحلہ سوم سانبہ سے متعلق خدشات شامل ہیں۔نائب وزیراعلیٰ سریندر کمار چودھری نے یقین دِلایا کہ تمام جائز مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا تاکہ خطے میں صنعتی ترقی کو فروغ دیا جا سکے۔