وزیر اعلیٰ نے عمر ہیر، بچھ پورہ میں 3.17 کروڑ روپے سے تعمیر کمیونٹی ہال عوام کے نام وقف کیا

وزیر اعلیٰ نے عمر ہیر، بچھ پورہ میں 3.17 کروڑ روپے سے تعمیر کمیونٹی ہال عوام کے نام وقف کیا

کہا حکومت سرینگر کو ڈی کنجیسٹ کرنے اور سستی سہولت فراہم کرنے کی پابند ہے

سرینگر//وزیر اعلیٰ مسٹر عمر عبداللہ نے کہا کہ حکومت سرینگر شہر کو ڈی کنجیسٹ کرنے کیلئے جدید اور اچھی طرح منصوبہ بند ہاؤسنگ کالونیاں تیار کرنے کا منصوبہ بنا رہی ہے ۔ انہوں نے زور دیا کہ غریب اور کمزور طبقات کو باعزت رہائش فراہم کرنا حکومت کی ذمہ داری اور فرض ہے ۔ حضرت بل حلقہ میں عمر ہیر ، بچھ پورہ میں امام العصر مولانا انور شاہ کشمیری ؒ کمیونٹی ہال کا افتتاح کرنے کے بعد ایک بڑے عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے اپنی حکومت کی اہم ترقیاتی ترجیحات پر روشنی ڈالی جن میں رہائش ، صحت ، ٹرانسپورٹ اور سماجی فلاح و بہبود شامل ہیں ۔ اس ملٹی پرپز کمیونٹی فیسیلٹی سینٹر کی تعمیر پر 3.17 کروڑ روپے خرچ کئے گئے ہیں ۔ یہ شادی بیاہ ، سماجی تقریبات اور کمیونٹی اجتماعات کیلئے ایک باعزت، قابل رسائی اور سستی جگہ فراہم کرے گا ۔ انہوں نے کہا ’’ جہاں تک سرینگر شہر کا تعلق ہے یہاں پرانے شہری علاقوں میں اب بھی متعدد چیلنجز خاص طور پر ٹریفک کی بھیڑ اور رہائشی جگہ کی کمی ہے بہت سے گھروں میں ایک سے زیادہ فیملیاں ایک ساتھ رہتی ہیں جس کی وجہ سے محدود جگہ پر شدید دباؤ پڑ رہا ہے جب تک ہم نئی رہائشی کالونیاں نہیں بناتے یہ صورتحال برقرار رہے گی ۔ ‘‘ انہوں نے مزید کہا ’’ ہم جدید اور اچھی طرح سے منصوبہ بند رہائشی کالونیاں تیار کرنے کا منصوبہ بنا رہے ہیں جن میں سستی رہائش کیلئے بھی انتظامات شامل ہوں گے ۔ یہ اقدام خاص طور پر ان لوگوں کیلئے ہیں جن کے پاس زمین خریدنے یا گھر بنانے کے وسائل نہیں ہیں ۔ ایسے طبقات کو معزز رہائش فراہم کرنا محض ذمہ داری نہیں بلکہ ہمارا فرض ہے ۔ ‘‘ وزیر اعلیٰ نے صحت کے بنیادی ڈھانچے کو مضبوط کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا جس میں پرائمری ہیلتھ سینٹرز ، کمیونٹی ہیلتھ سینٹرز اور سب ڈسٹرکٹ ہسپتالوں کو بہتر بنانا شامل ہے تا کہ بڑے ہسپتالوں پر بوجھ کم کیا جا سکے ۔ وزیر اعلیٰ نے ایم ایل اے حضرت بل سلمان علی ساگر کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ کمیونٹی ہال کی تکمیل ان کی لگن اور استقامت کی عکاسی کرتی ہے ۔ انہوں نے کہا ’’ یہ صرف ایک عمارت نہیں ہے ، یہ خدمت ، کمیونٹی سپرٹ اور ہماری بھر پور فکری و روحانی ورثے کے احترام کی علامت ہے ۔ ‘‘ انہوں نے سرینگر میونسپل کارپوریشن کے کمشنر کو ہدایت دی کہ وہ آس پاس کے علاقے کی مزید ترقی کیلئے ایک جامع منصوبہ تیار کریں جس میں پارکنگ اور لینڈ سلیپنگ شامل ہو تا کہ کمپلیکس کی افادیت اور خوبصورتی کو مزید بڑھایا جا سکے ۔ اس موقع پر ایم ایل اے خانیار مسٹر علی محمد ساگر ، وزیر اعلیٰ کے مشیر مسٹر ناصر اسلم وانی ، راجیہ سبھا کے رُکن پارلیمنٹ گروندر سنگھ اوبرائے ، ایم ایل اے لال چوک شیخ احسن احمد ( پردیسی ) ، کمشنر ایس ایم سی ، سینئر افسران ، پارٹی کے کارکنوں اور عوام کی ایک بڑی تعداد موجود تھی ۔