آن لائن ٹکٹنگ سے تعداد میں مزید اضافہ متوقع،موسم بہار سیاحت کا مرکز بن گیا
سرینگر/ یو این ایس// اندرا گاندھی میموریل ٹیولپ گارڈن میں رواں سیزن کے ابتدائی 15 دنوں کے دوران تقریباً 1,77,869 سیاحوں کی آمد ریکارڈ کی گئی ہے، جس سے بہار کے سیاحتی سیزن کے آغاز پر غیر معمولی رش کا اندازہ لگایا جا رہا ہے۔حکام کے مطابق یہ اعداد و شمار صرف آف لائن ٹکٹوں کی فروخت پر مبنی ہیں، جبکہ آن لائن ٹکٹنگ کے ڈیٹا کو شامل کرنے کے بعد مجموعی تعداد میں مزید اضافہ متوقع ہے۔یو این ایس کے مطابق باغ کے انچارج اسسٹنٹ فلوریکلچر آفیسر عمران احمد نے بتایا کہ ابتدائی 15 دنوں میں 1,77,869 افراد نے باغ کا دورہ کیا، تاہم اس میں آن لائن ٹکٹنگ شامل نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ باغ بند ہونے کے بعد تمام آن لائن ریکارڈ کو یکجا کیا جائے گا، جس کے بعد حتمی تعداد سامنے آئے گی۔حکام کا کہنا ہے کہ باغ میں آنے والوں میں مقامی شہریوں کے علاوہ ملکی اور غیر ملکی سیاح بھی شامل ہیں، اگرچہ فی الوقت ان کی درجہ بندی کے لحاظ سے تفصیلات دستیاب نہیں ہیں۔ٹیولپ گارڈن کے دامن میں واقع اور ڈل جھیل کا دلکش منظر پیش کرنے والا یہ باغ ایشیا کا سب سے بڑا ٹیولپ گارڈن مانا جاتا ہے۔ اس سال یہاں تقریباً 70 سے 75 اقسام کے ٹیولپس کھل رہے ہیں، جو سیاحوں کیلئے خصوصی کشش کا باعث بنے ہوئے ہیں۔حکام کے مطابق سیاحوں کی آمد میں مسلسل اضافہ دیکھا جا رہا ہے اور آنے والے دنوں میں جب ٹیولپس مکمل کھلاؤ (پیک بلوم) پر پہنچیں گے تو مزید رش متوقع ہے۔ٹیولپ گارڈن جموں و کشمیر کے سیاحتی کیلنڈر کا ایک اہم حصہ بن چکا ہے، جہاں ہر سال بہار کے موسم میں بڑی تعداد میں سیاحوں کا رخ ہوتا ہے۔










