There is no possibility of promoting wind energy in Jammu and Kashmir.

جموں و کشمیر میں ونڈ انرجی کے فروغ کا کوئی امکان نہیں

محض 3 میگاواٹ صلاحیت، کوئی منصوبہ زیر غور نہیں// مرکزی حکومت

سرینگر// یو این ایس//مرکزی حکومت نے واضح کیا ہے کہ جموں و کشمیر میں ونڈ انرجی کے شعبے میں توسیع کے امکانات نہ ہونے کے برابر ہیں اور یہ توانائی کا ذریعہ فی الحال خطے میں اہم کردار ادا نہیں کر سکتا۔راجیہ سبھا میں ایک غیر ستارہ سوال کے جواب میں وزیر مملکت برائے نئی و قابل تجدید توانائی شری پد یسّو نائک نے بتایا کہ نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف ونڈ انرجی کی جانب سے کی گئی جانچ کے مطابق جموں و کشمیر میں 120 میٹر کی اونچائی پر ونڈ انرجی کی مجموعی صلاحیت محض 3 میگاواٹ ہے۔یو این ایس کے مطابق ۔مرکزی حکومت نے ضلع ریاسی میں این ایچ پی سی لمیٹڈ کی جانب سے مجوزہ ونڈ پاور پروجیکٹ کی صورتحال بھی واضح کی۔ بتایا گیا کہ 2012 میں شروع کیا گیا یہ منصوبہ ابتدائی مرحلے سے آگے نہیں بڑھ سکا، جس کی بڑی وجہ ٹربائن بلیڈز کی منتقلی میں درپیش مشکلات اور بجلی کی ترسیل سے متعلق مسائل تھے۔حکومت نے مزید کہا کہ ونڈ انرجی کے کسی بھی منصوبے کی ترقی تکنیکی و معاشی قابلِ عملیت اور سرمایہ کاروں کی دلچسپی پر منحصر ہوتی ہے، تاہم فی الحال جموں و کشمیر میں نہ کوئی منصوبہ زیر تعمیر ہے اور نہ ہی مستقبل قریب میں اس حوالے سے کوئی منصوبہ بندی کی گئی ہے۔ مرکز کے اس جواب سے واضح ہوتا ہے کہ جموں و کشمیر میں فی الحال قابل تجدید توانائی کے ذرائع میں ونڈ انرجی کے بجائے آبی توانائی پر زیادہ انحصار جاری رہے گا، جبکہ شمسی توانائی کے شعبے میں بتدریج توسیع کی جا رہی ہے۔