سری نگر ضلع میں 1,190 آنگن واڑی مراکز فعال ہیں ، سینٹرل شالہ ٹینگ حلقہ میں 152 ۔ سکینہ اِیتو

سری نگر ضلع میں 1,190 آنگن واڑی مراکز فعال ہیں ، سینٹرل شالہ ٹینگ حلقہ میں 152 ۔ سکینہ اِیتو

جموں//وزیر برائے سماجی بہبود سکینہ ایتو نے ایوان کو بتایا کہ سری نگر ضلع میں 1,190 آنگن واڑی مراکز ( اے ڈبلیو سیز ) فعال ہیں جن میں سے 152 مراکز سینٹرل شالہ ٹینگ حلقہ میں کام کر رہے ہیں ۔ وزیر موصوفہ نے یہ بات رُکن اسمبلی طارق حمید قرہ کے سماجی بہبود سکیموں کے بارے میں اٹھائے گئے سوال کے جواب میں بتائی۔ انہوں نے ایوان کو بتایا کہ فی الحال حکومت کے پاس سینٹرل شالہ ٹینگ حلقہ میں نئے آنگن واڑی مراکز کھولنے یا قائم کرنے کی کوئی تجویز زیر غور نہیں ہے کیونکہ موجودہ مراکز اس حلقہ کے ہدف والے مستفیدین کی ضروریات پوری کر رہے ہیں ۔ وزیر سماجی بہبود نے مزید کہا کہ نئے اے ڈبلیو سیز کھولنے کی کوئی بھی تجویز جو معیار پر پورا اترتی ہو اسے حکومت ہند کو پیش کرنے کیلئے جانچا جائے گا ۔ انہوں نے قانون ساز اسمبلی کو یہ بھی بتایا کہ آنگن واڑی ورکرز اور آنگن واڑی ہیلپرز کو ماہانہ ہونورریم قومی سطح پر دی جانے والی ہونورریم کے مطابق 90:10 کے پیٹرن پر ہے ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت جموں و کشمیر اے ڈبلیو ڈبلیوز اور اے ڈبلیو ایچز کے اضافی ریاست کا شئیر دے رہی ہے اور وسائل کی دستیابی کے مطابق ہونورریم میں اضافے کیلئے مرکزی حکومت سے بات کی جائے گی ۔ سماجی بہبود کی وزیر نے سینٹرل شالیٹینگ حلقہ میں سماجی بہبود سکیموں کے تحت مستفیدین کی تفصیلات دیتے ہوئے بتایا کہ اس حلقہ میں 6756 مستفیدین کو بوڑھے افراد کیلئے پینشن ، بیوہ پینشن اور دیگر مرکزی و ریاستی اسپانسرڈ ویلفئر سکیموں کے تحت کوور کیا گیا ہے ۔ یہ بھی بتایا گیا کہ اِنٹگریٹیڈ سوشل سیکورٹی سکیم ( آئی ایس ایس ایس ) اور نیشنل سوشل اسسٹنس پروگرام کے تحت بوڑھوں کیلئے پنشن کو حال ہی میں بڑھایا گیا ہے اس کے ساتھ دیگر اجزاء بھی بڑھائے گئے ہیں ۔ اب 60 سال سے کم عمر کے افراد کو 1250 روپے ماہانہ ، 60 سے 79 سال کے درمیان 1500 روپے ماہانہ اور 80 سال اور اس سے زیادہ عمر کے افراد کو 2000 روپے ماہانہ دئیے جاتے ہیں ۔ اِس موقعہ پر قانون ساز بلونت سنگھ منکوٹیہ اور قیصر جمشید لون نے ضمنی سوالات اُٹھائے ۔