سری نگر//وزیر برائے زرعی پیداوار، دیہی ترقی و پنچایتی راج، اِمدادِ باہمی اور الیکشن محکمہ جات جاوید احمد ڈار نے سری نگر میں ضلعی کسان میلہ کا اِفتتاح کیا اور جموں و کشمیر میں زرعی شعبے کو معاشی ترقی اور دیہی خوشحالی کا ایک اہم محرک بنانے کے لئے حکومت کے پختہ عزم کا اعادہ کیا۔اُنہوں نے کسانوں، زرعی کاروباری اَفراد اور اَفسران سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اِس طرح کے پروگرام براہِ راست رابطے، معلومات کے تبادلے اور جدید زرعی طریقوں کی ترویج کے لئے اہم پلیٹ فارم فراہم کرتے ہیں۔ اُنہوں نے جدید ٹیکنالوجی اَپنانے، زرعی میکانائزیشن کو فروغ دینے اور پیداواری صلاحیت اور کسانوں کی آمدنی بڑھانے کے لئے بروقت مالی تعاون کو یقینی بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔اِس موقعہ پر جاوید ڈار نے استفادہ کنندگان میں مالی امداد کی منظوری کے خطوط تقسیم کئے اور زرعی مشینری بھی فراہم کی جس کا مقصد محنت کی کمی کو پورا کرنا اور زرعی سرگرمیوں میں کارکردگی کو بہتر بنانا ہے۔اِس موقعہ پرڈائریکٹر زراعت کشمیر، ڈائریکٹر ہارٹی کلچر(ایم اینڈ پی) اور زراعت و باغبانی محکموں کے سینئر اَفسران بھی موجود تھے۔










