جموں//وزیر برائے جل شکتی، جنگلات و ماحولیات اور قبائلی امور محکمہ جات جاوید احمد رانا نے جمعہ کے روز عیدالفطر کے موقعہ پرلوگوں کو دِلی مُبارک باد پیش کی اور کہا کہ یہ عید سب کو پُرامن زِندگی گزارنے اور معاشرے کی خوشحالی کے لئے کام کرنے کی ترغیب دیتی ہے ۔اُنہوں نے عید کو شکرگزاری اور باہمی یکجہتی کا تہوار قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ رمضان المبارک کے مقدس مہینے کے دوران اِختیار کی گئی صبر، ضبطِ نفس اور روحانی ترقی کی اصل روح کی عکاسی کرتا ہے۔وزیرموصوف نے زور دیا کہ یہ موقعہ ہم آہنگی کے رِشتوں کو مضبوط بنانے، غریبوں اور ناداروں کی مدد کرنے اور ان کے ساتھ خوشیاں بانٹنے کی یاد دہانی کرتا ہے۔اُنہوں نے تہوار سے جڑی اقدار کو اُجاگر کرتے ہوئے اُمید ظاہر کی کہ یہ تہوار سب کے لئے خوشی، خوشحالی اور بھلائی کی نوید لے کر آئے گا اورپورے خطے میں اتحاد اور بھائی چارے کی اَقدار کو مزید تقویت بخشے گا۔وزیرجاوید رانا نے مزید کہا، ’’آئیے ہم اِس مبارک موقعہ پرمحبت، مہربانی اور ہمدردی کے جذبات کو فروغ دیں اور اَپنے معاشرے کی بہتری کے لئے اِجتماعی طور پر کام کریں۔‘‘اُنہوں نے نوروز کی مُبارک باد پیش کرتے ہوئے کہا کہ نوروز موسمِ بہار کی آمد کی علامت ہے اور تجدید، امید اور مثبتیت کی نمائندگی کرتا ہے۔ اُنہوں نے مزید کہا کہ یہ تہوار اَمن، ہم آہنگی اور ثقافتی تنوع کی دیرپا قدروں کی عکاسی کرتا ہے۔وزیر موصوف نے اُمید ظاہر کی کہ یہ موقعہ لوگوںکے درمیان اِتحاد اور یکجہتی کے رِشتوں کو مزید مضبوط کرے گا اور ایک ہم آہنگ معاشرے کی تعمیر کے لئے اِجتماعی کوششوں کو تحریک دے گا۔اُنہوں نے جموں و کشمیر کے لوگوںکے اَمن، ترقی اور خوشحالی کے لئے دعا بھی کی۔










