ستیش شرما نے ذاتی طور پر جموں بھر میں سخت نوعیت کی ایل پی جی مارکیٹ چیکنگ مہم کی قیادت کی

جموں//وزیر برائے خوراک ، شہری رسدات و اَمورِ صارفین ،اِنفارمیشن ٹیکنالوجی ، ٹرانسپورٹ ، اَمورِ نوجوان و کھیل کود محکمہ جات ستیش شرما نے صارفین کے مفادات کے تحفظ اور ضروری اشیاء کی بلا تعطل فراہمی کو یقینی بنانے کے لئے ایک فیصلہ کن اقدام میں آج کٹرا سے جموں تک متعدد مقامات پر وسیع اور سخت نوعیت کی مارکیٹ چیکنگ مہم کی ذاتی طور پر قیادت کی جس میںبالخصوص لیکویفائیڈپیٹرولیم گیس ( ایل پی جی )کی تقسیم اور دستیابی پر توجہ مرکوز کی گئی۔اُنہوں نے فعال طرزِ حکمرانی اور زمینی سطح پر نگرانی کا مظاہرہ کرتے ہوئے کئی ایل پی جی گوداموں، ڈسٹری بیوشن آئوٹ لیٹس اور ریٹیل پوائنٹس پر اچانک معائینہ کیا۔ اُنہوں نے سٹاک پوزیشن ،ڈسٹربیوشن ریکارڈ ،بُکنگ اور ڈیلیوری کے نظام اور مقررہ ضوابط کی پابندی کا تفصیلی جائزہ لیا۔اُنہوں نے صارفین، ڈیلیوری عملے اور ڈسٹری بیوٹروں کے ساتھ روبرو بات چیت بھی کی تاکہ دستیابی، قیمتوں اور خدمات کی فراہمی کے حوالے سے معلومات حاصل کی جا سکیں۔وزیرموصوف نے معائینوں کے دوران بلیک مارکیٹنگ، ذخیرہ اندوزی، زائد قیمت وصولی اور ایل پی جی کی مصنوعی قلت پیدا کرنے کی کسی بھی کوشش کے خلاف سخت وارننگ جاری کی۔ اُنہوں نے واضح کیا کہ حکومت اِس طرح کی بددیانتی کے خلاف زیرو ٹالرنس کی پالیسی اَپنائے گی۔اُنہوں نے کہا،’’جو لوگ بلیک مارکیٹنگ میں ملوث ہوں گے یا صارفین کا استحصال کریں گے، اُن کے لئے کوئی معافی نہیں ہوگی۔ قانون کی خلاف ورزی کرنے والا خواہ ایل پی جی ڈِسٹری بیوٹر ہو، ڈیلیوری ایجنٹ ہو یا کوئی درمیانی فرد، اس کے خلاف بلا استثنا سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔‘‘وزیر ستیش شرما نے حکومت کے شفافیت، جوابدہی اور صارفین کے تحفظ کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے زور دیا کہ مقررہ قیمتوں پر ایل پی جی کی دستیابی کو یقینی بنانا اوّلین ترجیح ہے۔ اُنہوں نے لوگوںکو یقین دِلایا کہ ایل پی جی کا مناسب ذخیرہ موجود ہے اور سپلائی چین کی قریبی نگرانی کی جا رہی ہے تاکہ کسی قسم کی رُکاوٹ پیدا نہ ہو۔اُنہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت دی کہ وہ تمام اضلاع میں مارکیٹ چیکنگ مہم کو مزید تیز کریں، سخت نگرانی برقرار رکھیں اور خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف فوری تعزیری کارروائی عمل میں لائیں۔ اُنہوں نے مؤثر طریقے سے بدعنوانیوں کے خاتمے کے لئے مضبوط نگرانی کے نظام، باقاعدہ معائینوں اور ریئل ٹائم رِپورٹنگ کی ضرورت پر زور دیا۔وزیرموصوف نے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ چوکس رہیں اور زائد قیمت وصولی، ذخیرہ اندوزی یا خدمات کی عدم فراہمی کے کسی بھی واقعے کی اطلاع دیں۔ اُنہوں نے یقین دہانی کی کہ تمام حقیقی شکایات پر فوری کاررِوائی کی جائے گی اور خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت سزائیں دی جائیں گی۔مہم کے دوران وزیر موصوف کے ہمراہ محکمہ خوراک ، شہری رسدات و اَمورِ صارفین اور ضلعی اِنتظامیہ کے سینئر افسران بھی تھے۔