لیفٹیننٹ گورنر نے نوجوانوں کو ترغیب دی کہ وہ قدیم روایات، روحانی ورثے اور حکمت کے ساتھ مضبوط اور دیرپا تعلق قائم کریں
جموں// لیفٹیننٹ گورنر منو ج سِنہانے جمعرات کے روز کہا کہ جموں و کشمیر ایک متحرک اور خوشحال مستقبل کی بھرپور صلاحیت رکھتا ہے اور مسلسل ترقی کے ذریعے ایک نمایاں ثقافتی مرکز اور ایک خوشحال یونین ٹیریٹری کے طور پر اُبھر سکتا ہے۔اُنہوں نے کہا،’’اس ویژن کو حاصل کرنا بالآخر نوجوان نسل پر منحصر ہے ۔ مجھے پوری اُمید ہے کہ ہمارے نوجوان اَپنے اسلاف کی دی ہوئی حکمت سے طاقت حاصل کریں گے اورجموں کشمیر کو ملک کے ترقی یافتہ خطوں میں ایک مقام پر لانے کے لئے عزم کے ساتھ کام کریں گے۔‘‘لیفٹیننٹ گورنر کشمیری پنڈت سبھا امپھلہ جموں کے زیر اہتمام منعقد ہ نوریہ کی تقریبات سے خطاب کر رہے تھے ۔ اُنہوں نے ماں شاریکاسے تمام لوگوں کی صحت، خوشحالی اوربھلائی کے لئے دعا کی۔اُنہوں نے عقیدت مندوں سے بات چیت کرتے ہوئے خواہش ظاہرکی کہ نیا سال ہر ایک کے لئے روشن صبح کی نوید لے کر آئے جو نئی اُمید کی راہیں اور خوشحال مستقبل کو منور کرے۔لیفٹیننٹ گورنر نے کہا،’’ماں دُرگا اور ماں شاریکا کی پوجا دراصل اس بنیادی طاقت کے سامنے جھکنے کے مترادف ہے جس سے کائنات نے جنم لیا۔ جیساکہ رگ وید میں کہا گیا ہے ماں کی طاقت لامتناہی ہے۔ سچا متلاشی جو خلوص سے اس کی پوجا کرتا ہے وہ حقیقت کی جوہرکوحاصل کرتاہے جس سے زِندگی کی تمام بصیرتیں آسانی سے حاصل ہوتی ہیں۔اُنہوں نے کہا،’’ میرا ذاتی طور پر ماننا ہے کہ نوریہ اور نوراتری ایک باطنی سفر کی علامت ہیں۔ نو دن کے روزے، عبادت اور نظم و ضبط کے دوران نوراتری ایک عقیدت مند کو اندر سے بدل دیتی ہے۔‘‘لیفٹیننٹ گورنر نے کہاکہ ہماری روایات عبادت کے چار مراحل توجہ سے دعا سننا ،اس پر گہرائی سے غور کرنا، اسے مکمل طور پر اَپنے اَندر جذب کرنا، سمادھی کی حالت تک پہنچنا بیان کرتی ہے جہاں جاننے والا اور جسے جانا جا رہا ہے ایک ہو جاتے ہیں۔اُنہوں نے کہا،’’میں دعا کرتا ہوں کہ تمام عقیدت مند اَپنی زِندگی میں ان مراحل کا تجربہ کریں۔‘‘اُنہوں نے نوجوانوں کو یہ بھی ترغیب دی کہ وہ قدیم روایات، روحانی ورثے اور حکمت کے ساتھ مضبوط اور دیرپا تعلق قائم کریں جو ہمارے سب سے بڑے اثاثوں میں شامل ہیں۔لیفٹیننٹ گورنر نے مزید کہا،’’نوجوان نہ صرف ہندوستان کی میراث کے وارث ہوں گے بلکہ اسے نئی شکل دے کر ایک ترقی یافتہ اور دیرپامستقبل کی طرف لے جائیں گے۔‘‘اِس موقعہ پر لیفٹیننٹ گورنر نے پدم شری برج لال بھٹ کو بھی اعزاز سے نوازا۔نوریہ کی تقریبا ت میں صدر کشمیری پنڈت سبھا جموں شری کے کے کھوسہ، سینئرنائب صدر شری دیپک دھر اور دیگر عہدیداران کے علاوہ مختلف شعبہ ہائے زِندگی سے تعلق رکھنے والے اَفراد نے شرکت کی۔اِس موقعہ پرپدم شری ڈاکٹر ایس پی ورما، رُکن شری ماتا ویشنو دیوی شرائن بورڈ ڈاکٹر اشوک بھان، پرنسپل سیکرٹری کلچرشری برج موہن شرما، بی جے پی جنرل سیکرٹری (آرگنائزیشن)جموں و کشمیر و لداخ شری اَشوک کول، سینئر اَفسران اور ممتازشہری بھی موجود تھے۔










