لفٹینٹ گورنر نے ایس ٹی سی تلواڑہ میں جے اینڈ کے پولیس کانسٹیبلز کی پاسنگ آؤٹ پریڈ میں شرکت کی

جے اینڈ کے پولیس نے دہشت گردی سے پاک ، جرائم سے پاک یونین ٹیریٹری بنانے میں کلیدی کردار ادا کیا ۔ سنہا

جموں//لفٹینٹ گورنر مسٹر منوج سنہا نے کہا ہے کہ جموں و کشمیر میں امن ، قانون و ترتیب یا معصوم شہریوں کی حفاظت کو خطرے میں ڈالنے کی کوشش کرنے والا کوئی بھی فرد یا گروہ بہت بھاری قیمت ادا کرے گا ۔ لفٹینٹ گورنر نے آج ریاسی میں ایس ٹی سی تلواڑہ میں کانسٹیبلز کی پاسنگ آؤٹ پریڈ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عوامی امن کو مختل کرنے ، تجارتی سرگرمیوں کو نقصان پہنچانے یا تشدد کو ہوا دینے کی کسی بھی کوشش کا مقابلہ قانون کی پوری طاقت سے کیا جائے گا اور جموں و کشمیر پولیس امن و استحکام کے تحفظ کیلئے پوری طرح پرعزم ہے اور ایسی کارروائیوں کے خلاف بلا استثنیٰ تمام ضروری اقدامات کرے گی ۔ جموں و کشمیر پولیس کے بہادر جوانوں کو سخت تربیت کامیابی سے مکمل کرنے پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے لفٹینٹ گورنر نے ان سے جموں و کشمیر کی حاصل کردہ کامیابیوں کے تحفظ پر توجہ مرکوز کرنے پر زور دیا ۔ انہوں نے کہا ’’ جموں و کشمیر پولیس نے دہشت گردی سے پاک ، جرائم سے پاک یونین ٹیریٹری بنانے میں اہم کردار ادا کیا ہے جہاں شہریوں کی زندگیوں پر کوئی عدم تحفظ کا سایہ نہیں ہے ۔ اس فورس نے گُڈ گورننس ، جدت ، سماجی اتحاد اور منصفانہ معاشرے کی تعمیر میں نمایاں سنگ میل حاصل کئے ہیں ۔ ہمیں علیحدگی پسند عناصر کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنا ہو گا جو لوگوں میں تقسیم پیدا کرنے اور ترقی کو روکنے کی کوشش کر رہے ہیں یہ ان کیلئے سخت انتباہ ہو ۔ ‘‘ لفٹینٹ گورنر نے کہا کہ جموں و کشمیر پولیس کی وردی پہننے والا ہر مرد اور عورت عوامی توقعات سے بالاتر معیار پر عمل کرنے کا عہد کرتا ہے ۔ انہوں نے کہا ’’ آج سے عوامی اعتماد آپ کا سب سے بڑا اثاثہ ہے لیکن اسے دیانتداری ، غیر جانبداری اور ہمدردی کے ذریعے مسلسل حاصل کریں ۔ آپ کا کردار صرف قانون نافذ کرنے تک محدود نہیں ہے بلکہ قانون کے روح اور جوہر کو اپنانا ہے ۔ مجھے یقین ہے کہ آپ ہر شہری کی عزت و وقار کی حفاظت میں اسے برقرار رکھیں گے ۔ ‘‘ لفٹینٹ گورنر نے کہا کہ جموں و کشمیر پولیس امن ، سلامتی اور جمہوری اقدار کیلئے مکمل طور پر پرعزم ہے تا کہ ہر شہری سکون و اطمینان کے ماحول میں ترقی کی نئی بلندیوں کو چھو سکے ۔ انہوں نے کہا ’’ تمام وسائل اور عزم کے ساتھ جموں و کشمیر پولیس دہشت گردی کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر عمل پیرا ہے ۔ ہم تمام متعلقہ ایجنسیوں اور سٹیک ہولڈرز کے ساتھ مل کر ایک کثیر الجہتی حکمت عملی پر کام کر رہے ہیں اور جلد ہی جموں و کشمیر دہشت گردی سے پاک ہو جائے گا ۔ ‘‘ اس موقع پر بنیادی تربیت مکمل کرنے والے کُل 430 ٹرینی کانسٹیبلز نے پاس آؤٹ کیا اور تمام ٹرینیز کو حلف دیا گیا ۔ تقریب کے دوران لفٹینٹ گورنر نے تربیت کے دوران نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے ٹرینی کانسٹیبلز کو ٹرفیوں سے نوازا ۔ اس موقع پر ڈی جی پی مسٹر نلن پربھات اور دیگر سینئر افسران بھی موجود تھے ۔