سرینگر،جموں شاہراہ پر حفاظتی اپ گریڈیشن کا کام مکمل

171.25 کروڑ روپے کی لاگت سے بلیک اسپاٹس کی اصلاح //نتن گڈکری

سرینگر/یو این ایس / مرکزی وزیر برائے سڑک ٹرانسپورٹ و شاہراہیں نیتن گڈکرے نے جمعہ کو اعلان کیا کہ جموں و کشمیر میں اہم قومی شاہراہ سرینگر جموں شاہراہ 4 پر حفاظتی اپ گریڈیشن اور مسافروں کے لیے سہولیات کی فراہمی سے متعلق اہم منصوبے 171.25 کروڑ روپے کی لاگت سے مکمل کر لیے گئے ہیں۔وزیر نے بتایا کہ منصوبے کے تحت حادثات کے لیے مشہور مقامات یعنی سڈکوچوک اور گولے میلہ تا سنگور سیکشن پر بلیک اسپاٹس کی اصلاح کی گئی ہے۔ اس کے علاوہ ضلع سامبا میں لمیٹڈ وہیکل یوزر پاتھ اور سروس روڈز تعمیر کی گئی ہیں تاکہ ٹریفک کی روانی بہتر ہو سکے۔انہوں نے کہا کہ مسافروں اور ڈرائیوروں کی سہولت کے لیے جدید وے سائیڈ امینیٹیز بھی قائم کی گئی ہیں جن میں ججر کوٹلی،قاضی گبڈ اور مرہامہ شامل ہیں۔ ان مراکز پر آرام گاہیں، پارکنگ، فوڈ کورٹس اور صفائی ستھرائی کی سہولیات فراہم کی گئی ہیں۔نتن گڈکری کے مطابق یہ مقامات پہلے حادثات کے لیے حساس اور ٹریفک کے زیادہ دباؤ والے علاقے سمجھے جاتے تھے۔ نئے اقدامات سے ٹریفک کی گردش بہتر ہوگی، گاڑیوں کے محفوظ موڑ ممکن ہوں گے اور سڑک کے ڈھانچے کو اس طرح بہتر بنایا گیا ہے کہ حادثات کے امکانات کم ہوں اور بھیڑ بھاڑ میں کمی آئے۔یو این ایس کے مطابق انہوں نے مزید کہا کہ یہ اقدامات مسافروں اور مال بردار گاڑیوں کے لیے سفر کو زیادہ محفوظ اور آسان بنائیں گے۔ سرینگر جموں شاہراہ جموں کو کشمیر وادی اور ملک کے دیگر حصوں سے جوڑنے والا ایک نہایت اہم راستہ ہے۔مرکزی وزیر نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت میں حکومت جموں و کشمیر میں شاہراہوں کے بنیادی ڈھانچے کو مضبوط بنانے کے لیے پرعزم ہے تاکہ بہتر رابطہ، اقتصادی ترقی اور سیاحت کے فروغ کو یقینی بنایا جا سکے۔