road accident

بھدرواہ میں دلخراش سڑک حادثہ

پولیس ہیڈ کانسٹیبل اور اہلیہ جاں بحق،2 بچے زخمی

سرینگر/یو این ایس / جموں و کشمیر کے ضلع ڈوڈہ کے بھدرواہ علاقے میں پیش آئے ایک افسوسناک سڑک حادثے میں جموں و کشمیر پولیس کے ایک ہیڈ کانسٹیبل اور ان کی اہلیہ جاں بحق جبکہ ان کے دو بچے زخمی ہو گئے۔سرکاری ذرائع کے مطابق یہ حادثہ ضلع ڈوڈہ کے بھدرواہ علاقے میں واقع بستی گاؤں کے نزدیک پیش آیا جب ایک آلٹو کار بے قابو ہو کر سڑک سے پھسل گئی اور دریا میں جا گری۔یو این ایس کے مطابق حادثے میں ذولفقار علی جو کہ پولیس میں ہیڈ کانسٹیبل کے طور پر تعینات تھے اور ان کی اہلیہ موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے جبکہ ان کے دو بچے زخمی ہو گئے۔اطلاعات کے مطابق ہیڈ کانسٹیبل اپنی ڈیوٹی پر جا رہے تھے کہ راستے میں یہ حادثہ پیش آیا۔ حادثے کے بعد زخمی بچوں کو فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کیا گیا جہاں ان کا علاج جاری ہے۔پولیس نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے مزید تحقیقات شروع کر دی ہیں۔