وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے ایس اے ایس سی آئی کے تحت جاری کاموں کی پیش رفت کا جائزہ لیا

وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے ایس اے ایس سی آئی کے تحت جاری کاموں کی پیش رفت کا جائزہ لیا

فنڈز کے تیز اِستعمال اور منصوبوں کی بروقت تکمیل پر زور

جموں// وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے سپیشل اسسٹنس ٹو سٹیٹس فار کیپٹل انوسٹمنٹ (ایس اے ایس سی آئی) سکیم کے تحت جاری منصوبوں کی پیش رفت کا جائزہ لینے کے لئے ایک میٹنگ کی صدارت کی۔میٹنگ میں مختلف محکموں کی جانب سے عمل میں لائے جا رہے متعدد منصوبوں کی پیش رفت، اِصلاحات اور دستیاب مواقع کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔اِس موقعہ پر وزیر اعلیٰ کے مشیر ناصر اسلم وانی، چیف سیکرٹری اَتل ڈولو کے علاوہ مختلف محکموں کے اِنتظامی سیکرٹریوں اور متعلقہ محکموں کے سینئر افسران بھی موجود تھے۔وزیر اعلیٰ نے محکمہ وار جامع جائزہ لیتے ہوئے منصوبوں کی طبعی و مالی پیش رفت، فنڈز کے اِستعمال اور منصوبوں کی بروقت تکمیل میں رُکاوٹ پیدا کرنے والے مسائل کا جائزہ لیا۔اُنہوں نے اخراجات میں تیز ی لانے، رُکاوٹوں کو دور کرنے اور ٹائم لائنز اور معیار کے اصولوں کی سختی سے پابندی کو یقینی بنانے کے لئے واضح ہدایات جاری کیں۔ اُنہوںنے اخراجات کو تیز کرنے کی ضرورت پر زور دیا تاکہ زیادہ سے زیادہ رقم استعمال ہو اور کم سے کم رقم واپس کی جائے۔وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے فنڈز کے مؤثر اور تیز اِستعمال اور منصوبوں کی بروقت تکمیل کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ تاخیر یا خرچ نہ ہونے سے اگلے مالی برس میں فنڈز کی منظوری متاثر ہو سکتی ہے۔