چیف سیکرٹری نے جموں وکشمیر میں مستقبل کیلئے تیار آئی ٹی پارکوں کے قیام کیلئے روڑ میپ کا جائزہ لیا

جموں// چیف سیکرٹری اَتل ڈ دلو نے جموں و کشمیر میں مستقبل کے لئے تیار آئی ٹی پارکوں کے قیام کے لئے ایک جامع روڈ میپ کا جائز ہ لیا جس کا مقصد یونین ٹیریٹری کے ٹیکنالوجی ماحولیاتی نظام کو مضبوط بنانا، روزگار کے مواقع پیدا کرنا اور آئندہ ٹیکنالوجی سے متعلق چیلنجوں سے نمٹنے کے لئے اِدارہ جاتی صلاحیت کو فروغ دینا ہے۔میٹنگ میں سیکرٹری آئی ٹی، صوبائی کمشنر جموں، سی ای او جے اے کے اِی جی اے اور متعلقہ محکموں کے دیگر افسران بھی موجود تھے۔چیف سیکرٹری نے تجویز کا جائزہ لیتے ہوئے اِس بات پر زو دیا کہ جموں و کشمیر میں اِس نوعیت کے اَقدامات کو منطقی انجام تک پہنچانے کے لئے مضبوط اِبتدائی بنیاد قائم کرنا اِنتہائی ضروری ہے۔اُنہوں نے کہا کہ ٹیکنالوجی مستقبل کی معیشت کی تشکیل میں کلیدی کردار اَدا کرے گی ۔اِس لئے یونین ٹیریٹری کے لئے ضروری ہے کہ وہ مستقبل کے تقاضوں سے ہم آہنگ انسانی وسائل، ٹیکنالوجی کے بنیادی ڈھانچے اور ایسے ادارہ جاتی نظام کی تعمیر میں سرمایہ کاری کرے جو اُبھرتے ہوئے عالمی چیلنجوں کا مؤثر جواب دے سکیں۔اَتل ڈولو نے مزید کہا کہ اِس اقدام نوجوانوں کے لئے نئے روزگار کے مواقع پیدا کرنے، سٹارٹ اپ ایکو سسٹم کو مضبوط بنانے اور ٹیکنالوجی کمپنیوں کو خطے کی طرف راغب کرنے میں مدد ملے گی ۔اس طرح جموں و کشمیر کو اِختراع اور ڈیجیٹل ترقی کے لئے ایک ابھرتے ہوئے مرکز کے طور پر فروغ ملے گا۔اُنہوں نے متعلقہ محکموں کو ہدایت دی کہ وہ آئی آئی ٹی جموں کے ساتھ تال میل میں کام کریں تاکہ مجوزہ مراحل پر بروقت عمل درآمد کو یقینی بنایا جاسکے اور یونین ٹیریٹری میں ٹیکنالوجی پرمبنی ترقی کے لئے مطلوبہ ماحولیاتی نظام کی ترقی کو یقینی بنایا جا سکے۔میٹنگ کے شروعات میں سیکرٹری اِنفارمیشن ٹیکنالوجی ڈاکٹر پیوش سنگلا نے اس اقدام کا پس منظر پیش کیا اور یونین ٹیریٹری میں ٹیکنالوجی پر مبنی اِختراعی اِنفراسٹرکچر قائم کرنے کی سمت میں اَب تک ہونے والی پیش رفت کو اُجاگر کیا۔دورانِ میٹنگ آئی آئی ٹی جموں کے پروفیسر اروند نے ایک تفصیلی منصوبہ پیش کیا جس میں پہلے مرحلے میں آئی آئی ٹی جموں کے کیمپس سے انوویشن اینڈ ریسرچ پارک قائم کرنے اور بعد میں اسے یونین ٹیریٹری کے دیگر مقامات تک وسعت دینے کی تجویز شامل ہے۔میٹنگ کو بتایا گیا کہ اِس منصوبے کی تفصیلی پروجیکٹ رپورٹ (ڈِی پی آر) کو 5 ؍جنوری 2026 ء کو آئی آئی ٹی جموں کے بورڈ آف گورنرز نے منظور کیاہے جبکہ حکومت جموں و کشمیر نے بھی اِس اقدام میں تعاون کے لئے اصولی منظوری دے دی ہے۔یہ منصوبہ مرحلہ وار ترقیاتی حکمت عملی پر مبنی ہے جس کے ذریعے خطے میں ایک مضبوط آئی ٹی اور اِختراعی ماحولیاتی نظام کو بتدریج فروغ دیا جائے گا۔تفصیل بتاتے ہوئے بتایا گیا کہ مرحلہ اوّل مئی تا جون 2026 ء کے دوران شروع کیا جائے گا جس کے تحت آئی آئی ٹی جموں کیمپس میں موجود تقریباً 50 ہزار مربع فٹ تعمیر شدہ جگہ کو اَپ گریڈ کرکے مجوزہ آئی ٹی اور انوویشن پارک کی سرگرمیوں کا آغاز کیا جائے گا۔مرحلہ دوم میں تقریباً 1 لاکھ 20 ہزار مربع فٹ اضافی انفراسٹرکچر کی تعمیر شامل ہوگی۔ اِس مرحلے پر کام 2026 کے دوران شروع کرنے کی تجویز ہے اور اسے2028 تک مکمل کرنے کا ہدف ہے جبکہ مرحلہ سوم میں آئی ٹی پارک کو کیمپس سے باہر وسعت دینے کی تجویز ہے تاکہ صنعتوں کی وسیع پیمانے پر شرکت اور ٹیکنالوجی پر مبنی ترقی کو فروغ دیا جا سکے۔ دورانِ پرزنٹیشن میٹنگ کو بتایا گیا کہ صوبہ کشمیر میں بھی اس پارک کی آئندہ توسیع کے لئے زمین کی نشاندہی کی گئی ہے۔ اِس کے علاوہ جموں میں بھی آئی آئی ٹی جموں کے موجودہ کیمپس کے قریب پارک کی توسیع کے لئے زمین کی نشاندہی کی جائے گی۔آئی آئی ٹی جموں میں مجوزہ انوویشن ریسرچ پارک (مرحلہ بی) قائم کیا جائے گا، تقریباً 11 ہزار مربع میٹر سے زائد تعمیر شدہ رقبے پر مشتمل ہوگا۔ اس میں مختلف منزلیں اور سہولیات ہوں گی جن میں انوویشن لیبز، ٹیکنالوجی کمپنیاں، سٹارٹ اپس اور تحقیقی اِشتراک کے مراکز شامل ہوں گے۔ یہ سہولیت تحقیقی اِداروں اور صنعت کے درمیان شراکت داری اور ٹیکنالوجی انکوبیشن کو فروغ دینے کے لئے معاون ثابت ہوگی۔