محکمہ موسمیات کی بلائی علاقوںمیں درماینہ درجے کی برف و بارںکی پیش گوئی
سرینگر/یو این ایس / محکمہ موسمیات سرینگر نے جموں و کشمیر میں 10 اور 11 مارچ کے دوران عمومی طور پر ابر آلود موسم کے ساتھ ہلکی سے درمیانی درجے کی بارش اور بالائی علاقوں میں برفباری کی پیش گوئی کی ہے۔ محکمہ نے کسانوں کو ان دنوں کے دوران زرعی سرگرمیاں عارضی طور پر معطل رکھنے کا مشورہ بھی دیا ہے۔محکمہ موسمیات کے ایک عہدیدار کے مطابق کپواڑہ، بانڈی پورہ، گاندربل، اننت ناگ اور کشتواڑ اضلاع کے کئی بالائی علاقوں میں اس عرصے کے دوران درمیانی درجے کی برفباری ہو سکتی ہے۔ تاہم 12 سے 14 مارچ تک جموں و کشمیر میں موسم عمومی طور پر خشک رہنے کی توقع ہے۔محکمہ کے مطابق 15 اور 16 مارچ کو بھی موسم زیادہ تر ابر آلود رہ سکتا ہے اور 15 مارچ کی رات یا 16 مارچ کی صبح بعض بالائی علاقوں میں ہلکی بارش یا برفباری کے امکانات ہیں۔ اسی طرح 17 اور 18 مارچ کو بھی کہیں کہیں بارش یا برفباری ہو سکتی ہے جبکہ 19 اور 20 مارچ کو موسم عمومی طور پر ابر آلود رہنے کے ساتھ چند مقامات پر ہلکی بارش متوقع ہے۔محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ اس دوران کپواڑہ، بانڈی پورہ، گاندربل، اننت ناگ اور کشتواڑ اضلاع کے بلند مقامات اور اہم دروں پر عارضی طور پر ٹریفک کی آمدورفت متاثر ہو سکتی ہے۔ اس کے علاوہ 9 سے 11 مارچ کے درمیان چند مقامات پر 30 سے 40 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے تیز ہوائیں اور گرج چمک کے امکانات بھی ظاہر کیے گئے ہیں۔یو این ایس کے مطابق ادھر وادی کشمیر کے کئی بالائی علاقوں میں منگل کی شب ہلکی برفباری جبکہ میدانی علاقوں میں بارش ریکارڈ کی گئی جس کے نتیجے میں طویل خشک موسم کا خاتمہ ہوا۔ شمالی کشمیر کے گریز اور وسطی کشمیر کے سونمرگ۔زوجیلا محور میں برفباری ریکارڈ کی گئی جبکہ سرینگر سمیت وادی کے بیشتر میدانی علاقوں میں صبح تک بارش جاری رہی۔اعداد و شمار کے مطابق رواں سرمائی موسم کے دوران وادی کشمیر میں بارش اور برفباری معمول سے کافی کم رہی۔ دسمبر 2025 سے فروری 2026 تک کے دوران خطے میں مجموعی طور پر صرف 100.6 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی جبکہ معمول کے مطابق یہ مقدار 284.9 ملی میٹر ہونی چاہیے تھی، جو تقریباً 65 فیصد کمی کو ظاہر کرتی ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق دسمبر میں صرف 13 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی جو معمول سے 78 فیصد کم تھی۔ جنوری میں 73.4 ملی میٹر بارش ہوئی جو معمول سے 23 فیصد کم رہی جبکہ فروری میں صرف 14.2 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی جو معمول کے مقابلے میں 89 فیصد کمی کو ظاہر کرتی ہے۔ماہرین کے مطابق حالیہ بارش اور برفباری خشک سالی کی صورتحال کو کسی حد تک کم کرنے میں مددگار ثابت ہو سکتی ہے۔










