لیفٹیننٹ گورنر نے سدھرا جموں اور اے سی بی اے پی کے ایس برانچ اونتی پورہ میں اینٹی کورپشن بیورو ہیڈ کوارٹر کی عمارت کا اِفتتاح کیا

لیفٹیننٹ گورنر نے سدھرا جموں اور اے سی بی اے پی کے ایس برانچ اونتی پورہ میں اینٹی کورپشن بیورو ہیڈ کوارٹر کی عمارت کا اِفتتاح کیا

کہا، یہ دونوں عمارتیں محض سٹیل ، شیشے اور کنکریٹ کے ڈھانچے نہیںبلکہ عوامی زِندگی میں شفافیت اور رشوت سے پاک یونین ٹیریٹری کے عزم کی جرأت مندانہ علامت ہیں

جموں// لیفٹیننٹ گورنر منوج سِنہانے اتوار کے روزاینٹی کورپشن بیورو (اے سی بی) پر زور دیا کہ وہ اِس بات کو یقینی بنائیں کہ ہر فیصلہ، ہر تفتیش اور ہر مقدمہ عدالتوں کی جانچ پر پورا اُترے۔ اُنہوں نے کہا کہ بیورو کو آئین ہند کی جانب سے دی گئی طاقت کو بروئے کار لا کر نااِنصافی کو بے نقاب کرنا، رشوت ستانی کا مکمل طورپر ختم کرنا اور عوام کا اعتماد حاصل کرنا چاہیے۔اُنہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر اَب معمولی کارکردگی یا عام معیار پر قناعت نہیں کرتا بلکہ بڑے خواب دیکھنے کی جرات رکھتا ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ عوام میں یہ مضبوط یقین پیدا ہو چکا ہے کہ ایک روشن مستقبل ان کا منتظر ہے اور اس خواب کی تعبیر میں اینٹی کورپشن بیورو کے افسران اور عملے کی بھی اہم ذمہ داری ہے۔لیفٹیننٹ گورنر سدھرا جموں میںاینٹی کورپشن بیورو کے ہیڈکوارٹر کی عمارت اور اونتی پورہ میں اے سی بی اے پی کے ایس برانچ کے اِفتتاحی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔اُنہوں نے اِس بات پر زورد یا کہ آج افتتاح کی گئی دو عمارتیں محض سٹیل ، شیشہ اور کنکریٹ کے ڈھانچے نہیں بلکہ عوامی زِندگی میں شفافیت اور رشوت سے پاک یونین ٹیریٹری کے عزم کی جرأت مندانہ علامت ہیں۔لیفٹیننٹ گورنرنے کہا ،’’ آج جموں و کشمیر ایک اہم مرحلے سے گزر رہا ہے۔ ہم نے گزشتہ پانچ سے چھ برسوں میں اِنقلابی تبدیلیاں متعارف کی ہیں جس سے نظام کو شفاف بنایا گیا اور اسے عوامی خدمت کے لئے وقف کیا گیا۔ اَب پورا اِنتظامی ڈھانچہ چند افراد کے فائدے کے بجائے یونین ٹیریٹری کے ہر شہری کی خدمت کے لئے کام کر رہا ہے۔‘‘اُنہوںنے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت میں حکومت نے ایک فیس لیس نظام قائم کیا ہے تاکہ سرکاری عمل میںرشوت ستانی کا خاتمہ ہو، تاخیر ختم ہو اور تمام خدمات براہِ راست عام شہریوں تک پہنچ سکیں۔
منوج سِنہا نے اِس بات کو اُجاگر کیا کہ گزشتہ چند برسوں میں ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل کی رفتار میں نمایاں تیزی آئی ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ صنعت، بنیادی ڈھانچے، زراعت، خود روزگار، صحت، بجلی اور دیہی ترقی سمیت تقریباً ہر شعبے میں اِنقلابی ترقی ایک شفاف اور جوابدہ طرز حکمرانی کا نتیجہ ہے۔اُنہوں نے اینٹی کورپشن بیوروکے اَفسران سے کہا کہ وہ اپنی محنت سے حاصل کردہ ساکھ کو مضبوط بنانے کے لئے روزانہ کی بنیاد پر خوڈ آڈِٹ کریں۔لیفٹیننٹ گورنرنے کہا ،’’ آپ کی کوششیں زیادہ سے زیادہ باہمی تعاون پر مبنی ہونی چاہئیں۔ آج کی باہم مربوط دنیا میں رشوت کی کوئی سرحد نہیں ہوتی اور ڈیٹا مختلف نیٹ ورکس میں پھیل جاتا ہے۔ ایک ادارے کے پاس موجود معلومات کسی دوسرے ادارے کی تفتیش میں آخری اور اہم کڑی ثابت ہو سکتی ہیں۔ اِس لئے جہاں ضرورت ہو وہاں بروقت اورحقیقی تعاون ناگزیر ہے۔‘‘اُنہوں نے تحقیقات کو تیز کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا اور کہا کہ تاخیر سے ملنے والا اِنصاف نہ صرف معاشرے کو اس کے حق سے محروم کرتا ہے بلکہ بدعنوانی کے مقدمات کے نتائج کو بھی متاثر کرتا ہے۔ اُنہوں نے ایسی ورک کلچر کو فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیا جو اِنصاف کی فراہمی میں تمام تاخیر کو ختم کرے۔
لیفٹیننٹ گورنرنے کہا کہ کورپشن صرف عوامی خزانے کا نقصان نہیں بلکہ یہ نوجوانوں سے مواقع چھین لیتی ہے، یہ ایک کنبے کے تحفظ کو خطرے میں ڈالتی ہے اور یہ معاشرے کے بزرگ افراد کے ساتھ ناانصافی کا سبب بنتی ہے۔اُنہوں نے کہا کہ ہمیں یہ تسلیم کرنا ہوگا کہ کورپشن صرف سرکاری خزانے کے خلاف کوئی نظریاتی جرم نہیں بلکہ یہ زندہ انسانوں کی زندگیوں پر براہِ راست حملہ ہے۔ اس کے منفی اثرات صرف اِقتصادی نقصان تک محدود نہیں بلکہ یہ کئی نسلوں کی زندگیوں کو متاثر کرتے ہیں۔ ہمیں مل کر رشوت ستانی سے پاک جموں و کشمیر کی تعمیر کرنی ہوگی۔‘‘اونتی پورہ میں قائم کی گئی نئی اے پی کے ایس برانچ اینٹی کورپشن بیورو کے پولیس سٹیشن اننت ناگ کی ضروریات پوری کرے گی جس کے دائرہ اختیار میں جنوبی کشمیر کے تمام اضلاع شامل ہیں۔ توقع کی جارہی ہے کہ یہ مرکز عملی کارکردگی کو بہتر بنائے گا، عوامی رسائی میں اضافہ کرے گا اور خطے میں شکایات اور تحقیقات کو بروقت نمٹانے میں مدد فراہم کرے گا۔ڈائریکٹر اینٹی کورپشن بیورو شکتی کمار پاٹھک نے بیورو کے کام کاج اور نئی تعمیر شدہ عمارتوں کی اہم خصوصیات کے بارے میں تفصیل سے آگاہ کیا۔ اُنہوں نے کہا کہ بہتر انفراسٹرکچر سے نہ صرف کام کے لئے سازگار ماحول فراہم ہوگا بلکہ فیلڈلیول ویجی لنس آپریشنزکو بھی تقویت ملے گی۔ اِفتتاحی تقریب میں چیف سیکرٹری اَتل ڈولو ،اے ڈِی جی پی ہیڈکوارٹر ایم کے سنہا، لیفٹیننٹ گورنر کے پرنسپل سیکرٹری ڈاکٹر مندیپ کے بھنڈاری، کمشنر سیکرٹری جنرل ایڈمنسٹریٹیو ڈیپارٹمنٹ ایم راجو،صوبائی کمشنر جموں رمیش کمار، آئی جی پی جموں بھیم سین توتی، ضلع ترقیاتی کمشنر جموں ڈاکٹر راکیش منہاس اور دیگر سینئر افسران نے بھی شرکت کی۔