جموں//لیفٹیننٹ گورنر منوج سِنہانے لوک بھون جموں میں اکھل بھارتیہ ودیارتھی پریشد (اے بی وِی پی) کے زیر اہتمام منعقدہ پروگرام’سٹوڈنٹس ایکسپیرینس اِن ریجنل انڈرسٹینڈنگ (ایس اِی آر یو) ۔راشٹریہ ایکتماتا یاترا 2026‘ کے تحت جموں کے دورے پر آئے لداخی نوجوانوں سے بات چیت کی۔اِس موقعہ پر لیفٹیننٹ گورنر نے نوجوانوں کا خیرمقدم کیا اور انہیں مختلف ثقافتوں اور تجربات سے سیکھنے کی ترغیب دی۔ اُنہوں نے کہا کہ نوجوان اَپنے علم اور تجربات کو معاشرے کی مثبت ترقی کے لئے بروئے کار لائیں۔اُنہوں نے کہا کہ ایس اِی آر یو جیسے پروگرام قومی یکجہتی کے جذبے کو مضبوط بنانے اور ملک کے مختلف حصوں سے تعلق رکھنے والے نوجوانوں کے درمیان باہمی افہام و تفہیم کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔اس دوران نوجوانوں نے بھی ایس اِی آر یو پروگرام کے دوران حاصل ہونے والے تجربات اور مشاہدات کو لیفٹیننٹ گورنر کے ساتھ اشتراک کیا۔لداخ کے مختلف علاقوں بشمول نوبرا، کرگل، لیہہ، لامیورو، شنگ، نیوما اور زانسکار کی نمائندگی کرنے والے 30 طلبأ اس قومی یکجہتی دورے میںشامل ہیں۔ یہ دورہ اے بی وی پی کے زیر اہتمام ودھیارتھی سیوا ایجوکیشنل ٹرسٹ اورایس اِی آئی ایل کے اِشتراک سے منعقدکیا گیا ہے۔اِس تعلیمی اور ثقافتی دورے کے دوران طلبأ کو دہلی، ہریانہ، پنجاب، ہماچل پردیش اور جموں و کشمیر کے مختلف علاقوں میں تعلیمی اور ثقافتی تجربات حاصل کرنے کا موقع فراہم کیا جا رہا ہے۔










