نائب وزیراعلیٰ نے جموں میں 91کروڑ روپے کے پی ایم جی ایس وائی سڑک منصوبوںکا سنگ بنیاد رکھا

نائب وزیراعلیٰ نے جموں میں 91کروڑ روپے کے پی ایم جی ایس وائی سڑک منصوبوںکا سنگ بنیاد رکھا

کہا، حکومت دیرپا سڑک نیٹ ورک کی ترقی کیلئے پُر عزم ہے ، تاخیر، کوتاہی یا تعمیراتی معیار پر کسی بھی قسم کے سمجھوتے کے خلاف حکومت زیرو ٹالرنس کی پالیسی اَپنائے گی

جموں//نائب وزیر اعلیٰ سریندرکمار چودھری نے ضلع جموں میں پردھان منتری گرام سڑک یوجنا (پی ایم جی ایس وائی) کے تحت 91.05 کروڑ روپے کی مالیت کے چھ بڑے سڑک منصوبوں کا سنگِ بنیاد رکھا۔ان منصوبوں کا سنگِ بنیادپی ڈبلیو ڈی گیسٹ ہاؤس، گاندھی نگر جموں میں وزیر برائے اَمورِنوجوان و کھیل کود ستیش شرما ، ممبر پارلیمنٹ جُگل کشور شرما، اراکین قانون ساز وِکرم رندھاوا، گھورورام بھگت اوردیویانی رانا کی موجودگی میں بذریعہ ورچیول موڑ رکھا گیا۔دیہی رابطہ سڑکوں کو مضبوط بنانے اور خطے میں سڑکوں کے بنیادی ڈھانچے کو بہتر بنانے کے مقصد سے ان منصوبوں کے تحت مجموعی طور پر 36.30 کلو میٹر طویل سڑکوں کی تعمیر کی جائے گی۔ س میں جموں ضلع کے پانچ حلقوں میں چھ سڑکوں کی تعمیر بھی شامل ہے جس میں چھمب حلقہ میں 2889.01 لاکھ روپے کا سڑک منصوبہ، ستواری میں 1628.43 لاکھ روپے کا سڑک منصوبہ، جموں ایسٹ حلقہ میں 789.28 لاکھ روپے کا منصوبہ، اکھنور حلقہ میں 1537.73 لاکھ روپے لاگت کا ایک سڑک منصوبہ اور نگروٹہ حلقہ میں 2261.08 لاکھ روپے لاگت کے دو سڑک منصوبے شامل ہیں۔اِس موقعہ پر نائب وزیراعلیٰ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت جموں و کشمیر میں بالخصوص دیہی اور دُور دراز علاقوں میں دیرپاسڑک رابطے کو مضبوط بنانے کے لئے پُرعزم ہے۔اُنہوں نے اِس بات پر زور دیا کہ معیاری تعمیرات اور منصوبوں کی بروقت تکمیل حکومت کی اوّلین ترجیح ہے اور واضح کیا کہ تاخیر، کوتاہی یا تعمیراتی معیار پر کسی بھی قسم کے سمجھوتے کے خلاف حکومت زیرو ٹالرنس کی پالیسی اپنائے گی۔
نائب وزیراعلیٰ نے کہا کہ ٹھیکیداروں کو بروقت اور معیاری کام کی انجام دہی کا ذمہ دار بنایا جائے اور کسی بھی کوتاہی کی صورت میں کارروائی کرنے میں ہچکچاہٹ نہ برتی جائے۔اُنہوں نے اِنجینئروں اور عمل آوری ایجنسیوں کوہدایت دی کہ منصوبوں کی ٹائم لائنز پر سختی سے عمل کریں اور تمام کاموں کو مقررہ معیارات کے مطابق انجام دیا جائے۔سریندر کمار چودھری نے کہا کہ کم ٹینڈرنگ منظوری اور دیگر ایسی سرگرمیاں جو دیرپااثاثوں کی ترقی میں رکاوٹ بنتی ہیں جموں و کشمیر میں ان کی حوصلہ شکنی کی جانی چاہیے۔اُنہوں نے اِس بات پر بھی زور دیا کہ فیلڈ اِنجینئر عوام کے لئے دستیاب رہیں اور زمینی سطح پر کام کی مسلسل نگرانی کریں تاکہ شفافیت اور جوابدہی کو یقینی بنایا جا سکے۔اُنہوں نے کہا کہ اِنجینئروں کو فیلڈ میں موجود رہ کر اس بات کو یقینی بنانا چاہیے کہ کام طے شدہ شیڈول کے مطابق آگے بڑھے۔نائب وزیر اعلیٰ نے کہا کہ پردھان منتری گرام سڑک یوجنا مرکزی حکومت کا ایک اہم پروگرام ہے جس کا مقصد دیہی سڑک رابطے کو بہتر بنانا ہے، جو دیہی علاقوں میں معاشی مواقع، رسائی اور مجموعی ترقی کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔بعد میں اُنہوں نے ضلع جموں میں جاری پی ایم جی ایس وائی اور پی ڈبلیو ڈی (آر اینڈ بی) منصوبوں کی پیش رفت کا جائزہ بھی لیا اور متعلقہ افسران کو تمام جاری کاموں میں سخت نگرانی اور کوالٹی کنٹرول برقرار رکھنے کی ہدایات جاری کیں۔اِس موقعہ پر چیف اِنجینئر پی ایم جی ایس وائی پروشوتم کمار، چیف اِنجینئر پی ڈبلیو ڈی راجیش کمار اگستم، متعلقہ سپراِنٹنڈنگ انجینئروں، پی ایم جی ایس وائی اور پی ڈبلیو ڈی کے ایگزیکٹیو انجینئروں سمیت دیگر افسران بھی موجود تھے۔