لفٹینٹ گورنر نے اس تاریخی کام کیلئے جے ایس ڈبلیو گروپ کا شکریہ ادا کیا ، جس نے سی ایس آر کے تحت یہ کام مکمل کئے
جموں//لفٹینٹ گورنر مسٹر منوج سنہا نے ریاسی ضلع میں مقدس شیو کھوڑی میں انفراسٹرکچر کی اپ گریڈیشن اور خوبصورتی کے کاموں کا افتتاح کیا ۔ یہ کام جے ایس ڈبلیو گروپ نے اپنی کارپوریٹ سوشل ریسپانسیبلٹی کے تحت مکمل کئے ۔ اپنے خطاب میں لفٹینٹ گورنر نے جے ایس ڈبلیو گروپ کے چئیر مین اور منیجنگ ڈائریکٹر مسٹر سجان جندل اور ان کی پوری ٹیم کا اس تاریخی کاوش کیلئے شکریہ ادا کیا ۔ انہوں نے کہا ’’ میں اسے انسانیت کے مشترکہ ورثے کیلئے ایک گہرے احسان کے طور پر دیکھتا ہوں ۔ ‘‘ لفٹینٹ گورنر نے کہا کہ 2023 میں جے ایس ڈبلیو گروپ کے ساتھ ایم او یو کے بعد سے ہم اس دن کا انتظار کر رہے تھے اور آج یہ انتظار ختم ہوا ۔ لفٹینٹ گورنر نے کہا ’’ شیو کھوڑی کی بیداری شروع ہو رہی ہے ۔ ہم نے نہ صرف انفراسٹرکچر کو اپ گریڈ کیا بلکہ ایمان کو بھی مضبوط کیا ہے ۔ میں ہمیشہ اس پختہ یقین کا حامل رہا ہوں کہ روحانیت کی روشنی ہر شخص کیلئے آسانی سے دستیاب ہونی چاہئیے ۔ ‘‘ لفٹینٹ گورنر نے زور دیا کہ شیو کھوڑی کے انفراسٹرکچر اپ گریڈیشن ایک اعلان ہے کہ ہماری قدیم روایات کے مقدس استھانوں کو دوبارہ زندہ کیا جا رہا ہے اور بحال کیا جا رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ آج عقیدت مندوں کی استقامت رنگ لائی ہے اور ہم نے اپنے آباؤ اجداد کے زندہ خوابوں کو پورا کیا جو اس کی تمنا رکھتے تھے ۔ انہوں نے کہا ’’ بابا امر ناتھ جی یاترا کیلئے تاریخی اپ گریڈیشن سے لیکر ، شری ماتا ویشنو دیوی شرائین بورڈ کے پورے علاقے کو زندہ روحانی راہداری میں تبدیل کرنے کے وژن تک اور شیو کھوڑی کو بھارت کے عظیم عقیدت کے مراکز میں نمایاں طور پر جگہ دینے تک ہمارا روحانیت پر مضبوط یقین ہر کوشش کی رہنمائی کرتا رہا ہے ۔ ‘‘ لفٹینٹ گورنر نے دوبارہ تاکید کی کہ ان کا بنیادی مقصد جموں و کشمیر کو قوم کا ایک زندہ دل ، متحرک روحانی مرکز بنانا ہے ۔ لفٹینٹ گورنر نے کہا ’’ پانچ سال کی مسلسل کوششوں کے بعد میں خاموش اطمینان کے ساتھ کہہ سکتا ہوں کہ یہ خواب اب دور نہیں رہا ۔ آج میں گہرے اعتماد کے ساتھ کہتا ہوں کہ صدیوں بعد جموں و کشمیر ایک حقیقی روحانی ، ثقافتی اور سماجی نشاۃ ثانیہ کا تجربہ کر رہا ہے ۔ یہ یونین ٹیریٹری علم ، فن ، موسیقی اور فلسفے کے مرکز کے طور پر دوبارہ ابھر رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اس سرزمین جس کی دنیا بھر میں تپسیا اور دھرم کی شمع مشہور تھی ۔ ہم اسے مکمل یقین کے ساتھ دوبارہ روشن کر رہے ہیں ۔ لفٹینٹ گورنر نے نوجوانوں سے اپیل کی کہ وہ اپنی اندرونی اور بیرونی زندگی میں توازن پیدا کریں ۔ لفٹینٹ گورنر پوتر شیو کھوڑی گپھا کے درشن کرنے والے یاتریوں کی حفاظت اور سہولت کو بڑھانے کیلئے آنے والی متعدد سہولیات پر بھی روشنی ڈالی ۔ انہوں نے کہا ’’ نیا ہیلی پیڈ اس مہینے میں مکمل ہونے والا ہے ۔ شیو کھوڑی کے یاتریوں کیلئے ہیلی سروس بھی اپریل کے مہینے سے شروع ہونے کی توقع ہے ۔ غیر متوقع موسم اور پتھروں کے گرنے سے یاتریوں کی حفاظت کیلئے ایک حفاظتی ٹریک شیڈ بھی جلد مکمل ہو جائے گا ۔ ‘‘ انہوں نے کہا رانسو میں شرائین عمارت اور موجودہ ٹریکس کی مکمل مرمت اور رینوویشن کا کام شروع کیا جائے گا جبکہ ٹریک کے ساتھ ساتھ مناسب صفائی کی سہولیات فراہم کی جائیں گی ۔ رانسو میں یاتریوں کیلئے ایک سرائے اور لنگر کی سہولت بھی قائم کی جائے گی ۔ لفٹینٹ گورنر نے کہا کہ اب وقت آ گیا ہے کہ شری شیو کھوڑی شرائین بورڈ ڈیووٹیز کے تجربے کو مزید بہتر بنانے کیلئے ’ ساؤنڈ اینڈ لائٹ شو ‘ متعارف کرائے ۔ انہوں نے کہا کہ اجتماعی مفاد اور اتفاق رائے سے روپ وے پروجیکٹ کے امکان کی جانچ پڑتال کی جا سکتی ہے ۔ لفٹینٹ گورنر نے کہا ’’ ہم مکمل طور پر پرعزم ہیں کہ ایک ایسا ترقی یافتہ ماحولیاتی نظام بنایا جائے جہاں مقامی تاجر ، کاریگر ، نوجوان اور خواتین نئے مواقع حاصل کر سکیں تا کہ ہر خاندان کی خوشحالی یقینی بنائی جا سکے ۔ ‘‘ لفٹینٹ گورنر نے جے اینڈ کے بینک کی طرف سے شری شیو کھوڑی شرائین بورڈ کو عطیہ کی گئی کوڑا اٹھانے والی گاڑی کو بھی رُخصت کیا ۔ آج افتتاح کئے گئے کاموں میں شیوم دوار ( درشن ڈیوڈی ) کی رینوویشن ، مہا دیو بھون کی مرمت اور رینیوویشن بشمول یاترا رجسٹریشن کاؤنٹر، موجودہ گھاٹ کی refurbishment ( شیوم دوار کے قریب ، نہانے کے گھاٹ کے قریب اور شنی مندر کے قریب گیزیبوز، ٹوائلٹ کمپلیکس ، رام مندر کے قریب میڈیکل کیوسک کی رینوویشن ، درشن ڈیوڈی کے قریب رانسو میں پونی شیڈ کی تعمیر اور مختلف مقامات پر لائٹس کی تنصیب شامل ہیں ۔ ریاسی سے ایم ایل اے مسٹر کلدیپ راج دوبے ، چئیر مین اور منیجنگ ڈائریکٹر جے ایس ڈبلیو گروپ شجان جندل ، ڈویژنل کمشنر جموں اور شری شیو کھوڑی شرائن بورڈ کے چئیر مین مسٹر رمیش کمار ، ڈی آئی جی اودھمپور اور ریاسی رینج ، ڈپٹی کمشنر ریاسی ، سینئر افسران ، مختلف شعبوں سے نمایاں شہری ، اور بڑی تعداد میں devotees نے افتتاحی تقریب میں شرکت کی ۔










