وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے وفود سے ملاقات کی

وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے وفود سے ملاقات کی

جموں//متعدد وفود نے آج یہاں وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی اور اپنے اپنے علاقوں اور کمیونٹیوں سے متعلق ترقیاتی اور فلاح و بہبودکے مختلف مسائل سے انہیں آگاہ کیا۔رکن راجیہ سبھا سجاد احمد کچلو نے ضلع کشتواڑ کے پڈر علاقے کے رہائشیوں کے ایک وفد کے ہمراہ وزیر اعلیٰ سے ملاقات کی۔ وفد نے ایک یادداشت پیش کی جس میں پڈر خطے میں سیاحت، محکمہ تعمیراتِ عامہ اور بجلی سمیت مختلف شعبوں میں ترقیاتی ضروریات کو اُجاگر کیا گیا۔ کشمیری مائیگرنٹ کے ایک وفد نے بھی وزیر اعلیٰ سے ملاقات کی اور اپنے مطالبات پر مشتمل یادداشت پیش کی۔سابق ڈِی ڈِی سی ممبران پوجا ٹھاکر اور شمیم بیگم نے بھی وزیر اعلیٰ سے ملاقات کی اور اَپنے اَپنے علاقوں سے متعلق مختلف مسائل سے انہیں آگاہ کیا۔عبدالغنی تیلی کی قیادت میںدیگر پسماندہ طبقات (او بی سی) کے ایک وفد نے وزیر اعلیٰ سے ملاقات کی اور او بی سی کمیونٹیوں کی فلاح و بہبود اور ترقی سے متعلق مسائل اُٹھائے۔امبیڈکر ایجوکیشن سوسائٹی جموں کے ایک وفد نے بھی وزیر اعلیٰ سے ملاقات کی۔ وزیر اعلیٰ نے وفودکو بغور سنا اور اُٹھائے گئے مسائل کاجائزہ لیا۔ اُنہوں نے انہیں یقین دِلایا کہ ان کی حکومت عوامی فلاح و بہبود کے لئے پُرعزم ہے اور حقیقی مسائل اور اِنفرادی شکایات کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا۔