جاوید رانا نے صوبہ جموں میں قبائلی ہوسٹلوں کے کام کاج کا جائزہ لیا

جاوید رانا نے صوبہ جموں میں قبائلی ہوسٹلوں کے کام کاج کا جائزہ لیا

بہتر سہولیات ، معیاری غذائیت اور تعمیراتی کاموں میں تیزی لانے پر زور

جموں//وزیر برائے قبائلی اَمور جاوید احمد رانا نے صوبہ جموں میں قبائلی ہوسٹلوں کے کام کاج کا جائزہ لینے کے لئے ایک جائزہ میٹنگ کی صدارت کی ۔ میٹنگ میں رہائشی سہولیات کی بہتری، غذائیت کے معیار کو مضبوط بنانے، معیاری تعلیم کو یقینی بنانے اور قبائلی طلبأ کے لئے نئے ہوسٹل بنیادی ڈھانچے کی تعمیر کو تیز کرنے پر خصوصی توجہ دی گئی۔دورانِ میٹنگ وزیر موصوف نے محکمہ قبائلی امور کے تحت چلنے والے ہوسٹلوں کے مجموعی کام کاج کا جائزہ لیا اورصوبہ جموں کے مختلف اَضلاع میں زیر تعمیر ہوسٹل عمارتوں کی پیش رفت کا بھی جائزہ لیا۔ اُنہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت دی کہ تعمیراتی کاموں کی رفتار میں رُکاوٹ بننے والی تمام مشکلات کی فوری نشاندہی کر کے انہیں دور کیا جائے تاکہ منصوبے مقررہ مدت کے اندر مکمل ہو سکیں۔اُنہوں نے قبائلی کمیونٹی سے تعلق رکھنے والے طلبأ کے لئے مناسب رہائشی سہولیات کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ قبائلی ہوسٹلوں کی تعمیر اور اَپ گریڈیشن کو محکمہ کی ترجیحات میں شامل کیا جانا چاہیے۔ اُنہوں نے کہا کہ یہ ہوسٹل دُور دراز اور قبائلی علاقوں سے تعلق رکھنے والے طلبأ کواَربن اور سیمی اَربن سینٹروں میں تعلیم حاصل کرنے کا اہم کردار اَدا کرتے ہیں۔ اُنہوں نے متعلقہ حکام کو اَراضی کی نشاندہی اور الاٹمنٹ سے متعلق مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی بھی ہدایت دی تاکہ منظور شدہ منصوبوں کی تکمیل میں کوئی تاخیر نہ ہو۔وزیر جاوید رانانے اِس بات پر زور دیا کہ ہوسٹل کی سہولیات صرف رہائش فراہم کرنے تک محدود نہیں ہونی چاہئیں بلکہ طلبأ کے لئے ایسا سازگار اور معاون ماحول بھی فراہم کریں جہاں وہ اَپنی تعلیم اور ہمہ جہت ترقی پر بھرپور توجہ دے سکیں۔ اُنہوں نے ہوسٹلوں میں تعلیمی معاونتی نظام کو مضبوط بنانے اور طلبأ کو معیاری تعلیم اور ذاتی ترقی کے لئے موزوں ماحول فراہم کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔اُنہوں نے کچھ علاقوں سے طلبأکو فراہم کی جانے والی خوراک اور غذائی سپلیمنٹس کے معیار اور دستیابی کے بارے میں موصول ہونے والی شکایات کا سنجیدگی سے نوٹس لیتے ہوئے محکمہ کو ہدایت دی کہ خوراک کی فراہمی کی سخت نگرانی کو یقینی بنایا جائے۔ اُنہوں نے کہا کہ ہوسٹل مینو بہترین معیار کا ہونا چاہیئے اورطلبأ کی غذائی ضروریات کے مطابق ترتیب دیا جانا چاہیے۔ اُنہوں نے جموں و کشمیر کے تمام قبائلی ہوسٹلوں میں ایک معیاری اور متوازن مینو متعارف کرنے کی بھی ہدایت دی تاکہ تمام طلبأکے لئے غذائی معیار اور مناسب غذائیت میں یکسانیت کو یقینی بنایا جا سکے۔وزیرقبائلی اَمور نے ہوسٹلوں کے وارڈنزکو ہدایت دی کہ وہ اَپنے اِداروں کی تفصیلی ضروریات پیش کریں جن میں مرمت و تجدید کے کام، فرنشنگ کی ضروریات، مینی ٹیننس کی ضروریات اور دیگر بنیادی ڈھانچے کی کمی شامل ہوں۔ اُنہوں نے کہا کہ اس طرح کی رپورٹس کی تیاری سے محکمہ کو بروقت منصوبہ بندی کرنے اور ہوسٹل سہولیات کو منظم اطریقے سے بہتر بنانے کے لئے وسائل مختص کرنے میں مدد ملے گی۔اُنہوں نے طلبأ کی ہمہ جہت ترقی کی اہمیت کو اُجاگر کرتے ہوئے زور دیا کہ ہوسٹلوں میں کھیلوں، ثقافتی اور غیر نصابی سرگرمیوں کو فعال طور پر فروغ دیا جائے۔ اُنہوں نے کہا کہ ایسی سرگرمیاں طلبأ کی صلاحیتوں کو نکھارنے، اعتماد بڑھانے اور قبائلی کمیونٹیوں کے طلبأکی مجموعی شخصیت سازی میں اہم کردار اَدا کرتی ہیں۔دورانِ میٹنگ وزیر جاوید احمد رانا ہوسٹلوں میں عملے کی موجودہ صورتحال کا بھی جائزہ لیا جس میں وارڈنز اور معاون عملے کی دستیابی شامل تھی اور جہاں ضرورت ہو وہاں خالی اَسامیوں اور اضافی عملے کی ضرورت سے متعلق تفصیلات طلب کیں۔ اُنہوں نے ہوسٹلوں میں حفاظتی اور فلاحی اقدامات کو مضبوط بنانے کی ضرورت پر زور دیا جس میں طلبا ٔ کے لئے مناسب حفاظتی انتظامات، باقاعدہ طبی معائینے اور بنیادی طبی سہولیات تک رسائی کو یقینی بنانا شامل ہے۔اُنہوںنے محکمہ کو مزید ہدایت دی کہ ہوسٹلوں کے انتظام و انصرام اور انفراسٹرکچر کی ترقی کے لئے مختص فنڈز کے درست اورمعقول استعمال کو یقینی بنایا جائے۔ اُنہوں نے اَفسران سے کہاکہ وہ موصول ہونے والے فنڈز، خرچ ہونے والے اخراجات اور کسی بھی زیر اِلتوأ واجبات کے بارے میں تازہ ترین ریکارڈ رکھیں تاکہ مالیاتی انتظام شفاف اور جوابدہ رہے۔وزیر موصوف نے قبائلی طلبأ کی فلاح و بہبود اور تعلیمی ترقی کے لئے حکومت کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ ہوسٹل بنیادی ڈھانچے کو مضبوط بنانا اور طلبأ کی بہبود کے اقدامات کو بہتر بنانا قبائلی امور محکمہ کی اہم ترجیحات میں شامل ہے۔اُنہوں نے یہ بھی ہدایت دی کہ ہوسٹلوں کے نام وہی برقرار رکھے جائیں جو منظوری کے وقت طے کئے گئے تھے اور انہیں کسی بھی صورت میں تبدیل نہ کیا جائے کیوں کہ منظور شدہ ناموں کو برقرار رکھنا انتظامی وضاحت اور ریکارڈ کی یکسانیت کے لئے ضروری ہے۔میٹنگ میں ڈائریکٹر قبائلی امور جموں و کشمیر محمد ممتاز علی، ڈائریکٹر فائنانس محکمہ قبائلی امور افتخار چوہان، ایڈیشنل سیکرٹری لطیف چودھری، جوائنٹ ڈائریکٹر پلاننگ عبد الخالق بھٹی اور ڈپٹی ڈائریکٹر قبائلی امور جموں (نوڈل آفیسر ٹی آر آئی) ڈاکٹر عبد الخبیر سمیت محکمہ کے دیگر افسران اور اہلکاروں نے شرکت کی۔