15-day deadline for employees to submit annual property returns

حکومت نے اثاثہ جاتی گوشواروں کی مہلت میں توسیع کر دی

ملازمین کو سالانہ جائیداد گوشوارے جمع کرانے کیلئے 15 دن کی آخری مہلت

سرینگر//یو این ایس// حکومت نے سرکاری ملازمین کو سال 2025 کیلئے سالانہ پراپرٹی ریٹرنز جمع کرانے کے عمل میں حتمی طور پر 15 دن کی مزید توسیع دے دی ہے۔ یہ گوشوارے پراپرٹی ریٹرن سسٹم پورٹل کے ذریعے آن لائن جمع کرائے جا رہے ہیں۔سرکاری نوٹیفکیشن کے مطابق، جنرل ایڈمنسٹریشن ڈیپارٹمنٹ کے سرکیولر کے تحت تمام سرکاری ملازمین کو یکم جنوری 2026 سے 31 جنوری 2026 تک اثاثہ جاتی گوشوارے داخل کرنے کی ہدایت دی گئی تھی۔ بعد ازاں اس مدت میں 5 فروری سے 19 فروری 2026 تک 15 دن کی توسیع کی گئی، تاہم اس کے باوجود متعدد ملازمین نے گوشوارے جمع نہیں کرائے۔حکام کے مطابق بعض ملازمین نے اگرچہ پورٹل پر رجسٹریشن کی ہے، لیکن انہوں نے تاحال اپنے اثاثہ جاتی گوشوارے جمع نہیں کرائے، جو کہ لازمی عمل میں ڈیفالٹ کے زمرے میں آتا ہے۔یو این ایس کے مطابق نوٹیفکیشن میں واضح کیا گیا ہے کہ اثاثہ جاتی گوشوارے جمع نہ کرانے کی صورت میں جموں و کشمیر پبلک مین اینڈ پبلک سرونٹس ڈیکلریشن آف ایسٹس ایکٹ اور اس کے تحت بنائے گئے قواعد کے مطابق تادیبی کارروائی عمل میں لائی جا سکتی ہے۔ اس کے علاوہ ڈیفالٹ کرنے والے ملازمین کو پریوینشن آف کرپشن ایکٹ کے تحت مجرمانہ بدعنوانی کا مرتکب تصور کیا جائے گا، جس کے نتیجے میں قانونی سزائیں، جرمانے اور ویجیلنس کلیئرنس سے محرومی بھی ہو سکتی ہے۔جنرل ایڈمنسٹریشن ڈیپارٹمنٹ نے معاملے پر غور کے بعد فیصلہ کیا ہے کہ ڈیفالٹ کرنے والے ملازمین کو آخری اور حتمی موقع فراہم کیا جائے۔ اس کے تحت اثاثہ جاتی گوشوارے جمع کرانے کی مدت نوٹیفکیشن کے اجرا کی تاریخ سے مزید 15 دن کے لیے بڑھا دی گئی ہے۔محکمہ نے ہدایت دی ہے کہ او ٹی پی سے متعلق مسائل کی صورت میں ملازمین ’سی ]ی آئی ایس‘پورٹل پر اپنے موبائل نمبر اور ای میل آئی ڈی اپ ڈیٹ کریں، جبکہ دیگر تکنیکی مسائل کیلئے متعلقہ رابطہ گاہ پر رابطہ کیا جا سکتا ہے۔تمام کنٹرولنگ آفیسرز اور ڈرائنگ اینڈ ڈسبرسنگ آفیسرز کو سختی سے ہدایت دی گئی ہے کہ وہ اپنے ماتحت تمام ملازمین کی جانب سے اثاثہ جاتی گوشواروں کی بروقت فراہمی کو یقینی بنائیں، تاکہ کسی بھی قسم کی قانونی یا انتظامی پیچیدگی سے بچا جا سکے۔