’شہرت کے کنارے پر ‘وزیر اعلیٰ تاریخی رانجی فائنل میں جموں و کشمیر کی حوصلہ افزائی کیلئے ہبلی میں موجود

ہبلی//وزیر اعلیٰ مسٹر عمر عبداللہ کرناٹک کے شہر ہبلی میں موجود ہیں تا کہ رانجی ٹرافی فائنل کے آخری دن کا مشاہدہ کریں جہاں جموں و کشمیر کی کرکٹ ٹیم تاریخ رقم کرنے کے قریب کھڑی ہے ۔ وزیر اعلیٰ نے اسے جموں و کشمیر کرکٹ کیلئے ایک فیصلہ کن لمحہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ ٹیم کی حمایت کیلئے ہبلی آئے ہیں کیونکہ وہ تاریخی فتح حاصل کرنے کی جانب بڑھ رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا ’’ میں ہبلی میں جموں و کشمیر کرکٹ ٹیم کی حوصلہ افزائی کیلئے موجود ہوں تا کہ وہ تاریخی فتح حاصل کریں ۔ اس پانچ روزہ فائنل میں کوئی بھی دن ایسا نہیں گزرا جب ٹیم نے مخالف کو مکمل طور پر زیر نہ کیا ہو ‘‘ وزیر اعلیٰ جمعہ کی شام کرناٹک پہنچے تا کہ ٹیم کی حمایت کریں جو کہ جموں و کشمیر کی کھیلوں کی تاریخ میں ایک سنگ میل سمجھا جا رہا ہے ۔ پورے خطے سے دعائیں ، امید اور غیر متزلزل حمایت کے ساتھ ٹیم بھارت کی پریمیئر ڈومیسٹک کرکٹ چیمپین شپ کے فائنل میں اپنی پہلی شرکت میں یہ باوقار ٹائٹل جیتنے کے قریب ہے ۔ وزیر اعلیٰ کے ساتھ ان کے مشیر مسٹر ناصر اسلم وانی ، ایم ایل اے ذڈی بل تنویر صادق اور جموں و کشمیر کرکٹ ایسوسی ایشن کے ایڈمنسٹریٹر بھی موجود تھے ۔ اگر فتح یاب ہوئے تو یہ جموں و کشمیر کی پہلی رانجی ٹرافی فتح ہو گی جو خطے کے کرکٹ ٹیلنٹ کی بڑھتی ہوئی عظمت اور لچک کی عکاسی کرتی ہے ۔