وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے گاندربل کو تبدیل کرنے کیلئے 84.41کروڑ روپے کے کثیر شعبہ جاتی ترقیاتی کاموں کا آغاز کیا

وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے گاندربل کو تبدیل کرنے کیلئے 84.41کروڑ روپے کے کثیر شعبہ جاتی ترقیاتی کاموں کا آغاز کیا

ضلع بھر میں بنیادی ڈھانچے اور شہری سہولیات کے متعدد منصوبوں کا اِفتتاح،صحت، پانی کی فراہمی، سڑکوں اور صفائی ستھرائی کو بڑا فروغ ملا

گاندربل// وزیرا علیٰ عمر عبداللہ نے گاندربل حلقہ میں 84.41 کروڑ روپے مالیت کے بڑے ترقیاتی پروجیکٹوں کا اِفتتاح اور سنگِ بنیاد رکھا جو ضلع بھر میں بنیادی ڈھانچے، صحت، پانی کی فراہمی، صفائی، تعلیم اور سڑکوں کے رابطے کو مضبوط بنانے کی جانب ایک اہم قدم ہے۔ یہ منصوبے، جو مختلف محکموں سے متعلق ہیں، مختلف مقامات پر اِفتتاح اور اِی۔لانچ کئے گئے جو متوازن اور جامع ترقی کے لئے حکومت کے عزم کو اُجاگر کرتا ہے۔وزیر اعلیٰ نے بیہامہ محکمہ ہاؤسنگ و اَربن ڈیولپمنٹ (ایچ اینڈ یو ڈِی ۔ یو ایل بی) کے تحت گاندربل ٹاؤن کی خوبصورتی اور ترقی کے 770 لاکھ روپے کے منصوبے کا سنگِ بنیاد رکھا جسے پی ڈبلیو ڈِی کے ذریعے عمل میں لایا جائے گا۔ اِس منصوبے کے تحت شاندار انٹری گیٹ اور میونسپل گیسٹ ہاؤس کی تعمیر، ایم سی ٹرمنل عمارت کو سمارٹ لائبریری میں اَپ گریڈ کرنا، کھیل کے میدانوں اور کلب سہولیات کی ترقی اور گلیوں و راستوں کی مکمل بہتری بشمول کوبل سٹون اور ٹائلنگ کا کام شامل ہے تاکہ ٹاؤن کی جمالیات کو بڑھایا جا سکے۔ اِس کے علاوہ سٹریٹ لائٹس اور کوڑا دان کی تنصیب، مارکیٹ کی ظاہری خوبصورتی، دیواروں پر نقش و نگار اور کلر کوڈِنگ بھی منصوبے کا حصہ ہیں۔اُنہوں نے بس اڈہ سے ضلع ہسپتال تک 750.78 لاکھ روپے کی لاگت سے سڑک منصوبے کا سنگِ بنیاد بھی رکھا جس میں میرانی چوک کی توسیع شامل ہے جس کا مقصد ٹریفک کی بھیڑ کو کم کرنا اور رابطے کو بہتر بنانا ہے۔اِسی طرح وزیراعلیٰ نے ڈِسٹرکٹ ہسپتال گاندربل میں 840 لاکھ روپے کی لاگت سے نصب کی گئی سی ٹی سکین مشین کا اِفتتاح کیاجو محکمہ صحت و طبی تعلیم کے تحت ڈِی ایچ ایس کے کے ذریعے فراہم کی گئی ہے جس سے مریضوں کو جدید تشخیصی سہولیات میسر آئیں گی۔اُنہوں نے رکھہ ہرن میں میونسپل کونسل گاندربل کے اِستعمال شدہ پانی کے انتظامی پروجیکٹ (ایس بی ایم 2.0) کے تحت 4.5 ایم ایل ڈِی صلاحیت کے سیوریج ٹریٹمنٹ پلانٹ کا سنگِ بنیاد رکھا جس پر 1,999.20 لاکھ روپے لاگت آئے گی۔ یہ پروجیکٹ شہر میں صفائی کے معیار اور ماحولیاتی دیرپائی کو بہتر بنانے میں مددگار ثابت ہوگا۔وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ ڈاک بنگلہ گاندربل سے ،جو خود حلقے کی نمائندگی کرتے ہیں، نے کئی اہم منصوبوں کا اِی۔اِفتتاح کیا۔ ان میں اُرپش نادرباغ میں 679.14 لاکھ روپے کی لاگت سے تعمیر شدہ واٹر سپلائی سکیم، بودرکنڈ میں 399 لاکھ روپے اور مانسبل میں 130 لاکھ روپے کی واٹر سپلائی سکیمیں شامل ہیں جنہیں محکمہ جل شکتی اور جل جیون مشن کے تحت رورل واٹر سپلائی ڈویژن گاندربل نے مکمل کیا ہے۔اُنہوں نے پی ڈبلیو ڈِی کے تحت 1,288.40 لاکھ روپے کی لاگت سے مختلف سڑکوں کی تعمیر کے کاموں کا اِی۔سنگِ بنیاد بھی رکھا جبکہ محکمہ تعلیم کے تحت 902.69 لاکھ روپے کی لاگت سے ضلع کے سکولوں میں بنیادی ڈھانچے کی بہتری کے منصوبوں کا بھی آغاز کیا گیا۔مزید برآں، وزیر اعلیٰ نے 302.11لاکھ روپے کی لاگت سے ٹریسا صفاپورہ کی اندرونی لنک سڑکوں کی اَپ گریڈیشن کے لئے اِی ۔ سنگ بنیاد رکھا جس میں لار گاندربل میں چیک ینگارو کی لنک سڑکیں بھی شامل ہیں اور 379.62 لاکھ روپے کی لاگت سے کوہستان کالونی کنال روڈز کی بہتری و اَپ گریڈیشن کے منصوبوں کا بھی ای۔سنگِ بنیاد رکھاجو سب پی ڈبلیو ڈی کے تحت عمل میں لائے جائیں گے۔اِس موقعہ پر اُنہوں نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ترقی کا اصل مقصدلوگوںکی روزمرہ زندگی میں ٹھوس اور نمایاں بہتری لانا ہے۔
وزیر اعلیٰ نے کہا،’’صحت، صفائی، سڑکوں، سکولوں اور پینے کے صاف پانی سے متعلق یہ منصوبے گاندربل کی ہمہ جہتی ترقی کے ہمارے عزم کی عکاسی کرتے ہیں۔ ہماری توجہ صرف اعلانات پر نہیں بلکہ بروقت تکمیل اور معیاری نتائج پر مرکوز ہے۔‘‘اُنہوں نے اِس بات پر زور دیا کہ شہری خوبصورتی، صاف پانی کی فراہمی، جدید طبی ڈھانچے اور بہتر سڑک رابطوں میں سرمایہ کاری نہ صرف عوامی خدمات کو مضبوط کرے گی بلکہ معاشی مواقع بھی پیدا کرے گی اور مجموعی معیارِ زِندگی کو بلند کرے گی۔اِس موقعہ پر وزیرا علیٰ نے مستفیدین میں مشن یوا کے 55 لاکھ روپے مالیت کے تقسیم نامے بھی تقسیم کئے۔بعدمیں اُنہوں نے ڈاک بنگلہ گاندربل میں ایک عوامی بات چیت کی اور اُنہوں نے وہاں ضلع کے مختلف علاقوں سے آئے لوگوں کے مطالبات اور شکایات سنیں۔ پھیکھ، صفاپورہ، منیگام، بٹوینہ، نونر، واکورا، لار، شیرپتھری، ینگارا، ٹریڈرز فیڈریشن گاندربل، ہیلتھ ایمپلائز کنفیڈریشن گاندربل اور دیگر وفود نے پینے کے پانی کی فراہمی، لفٹ آبپاشی، سپورٹس انفراسٹرکچر کی اپ گریڈیشن، فائر سروس سٹیشن کے قیام اور سکولوں کی بہتری سمیت مختلف مسائل سے آگاہ کیا۔دورے کے دوران وزیربرائے صحت و طبی تعلیم سکینہ ایتو، وزیراعلیٰ کے مشیر ناصر اسلم وانی، ضلع ترقیاتی کمشنر گاندربل جتن کشور، ڈائریکٹر اربن لوکل باڈیز کشمیر قاضی سرور، سینئر سپراِنٹنڈنٹ آف پولیس گاندربل خلیل پوسوال اور دیگر متعلقہ افسران وزیراعلیٰ کے ہمراہ تھے۔ وزیربرائے جل شکتی جاوید احمد رانا نے سنگِ بنیاد کی تقریب میں بذریعہ ورچیول موڈ میں شرکت کی۔