نمائش گاہ سری نگر میں 25؍ فروری سے 2روزہ’ ٹرینی مصنوعات کی فروخت‘ شروع ہوگی

سری نگر//محکمہ ہینڈی کرافٹس و ہینڈلوم دو روزہ ’ٹرینی مصنوعات کی فروخت‘ کا اہتمام کر رہا ہے جو کشمیر ہاٹ جسے ’نمائش گاہ ‘ کے نام سے جاناجاتا ہے ، میں25؍فروری 2026ء سے شروع ہوگی۔صوبہ کشمیر کے 10اَضلاع کے 432 تربیتی مراکز میں تربیت یافتہ اَفراد کی طرف سے تیار کردہ دستکاری کی مصنوعات کی نمائش کی جائے گی۔ان میں ہاتھ سے بنے ہوئے اُونی قالین، جی آئی ٹیگ شدہ پشمینہ اور کانی شالیں و سٹولز، کریول پردے، سوزنی کشیدہ کاری والی شالیں، زری و آری کشیدہ کاری والے سوٹ، ٹویڈ کپڑا، چین سٹچ قالین اور کُشن کور، ٹیپسٹری، گبہ اور نمدہ مصنوعات، پیپر ماشی اور ولوویکر سووینئر و آرائشی اشیا شامل ہیں۔محکمہ کے ترجمان نے بتایا کہ یہ مصنوعات اِنتہائی مناسب پر پیش کی جارہی ہیں جن کی قیمت صرف اِستعمال شدہ خام مال کی بنیاد پر مقرر کی گئی ہے۔ اُنہوں نے کہا،’’ان میں مزدوری شامل نہیں کی گئی جس سے خریداروں کو مستند ہاتھ سے بنی مصنوعات لاگت کے برابر قیمت پر دستیاب ہوں گی جبکہ تربیت حاصل کرنے والوں کو اَپنی صلاحیتیں دِکھانے کا بہترین موقع بھی ملے گا۔‘‘اُنہوں نے مزید کہاکہ گزشتہ تین تربیتی مصنوعات کی نمائشوں میں مجموعی طور پر 57 لاکھ روپے کی آمدنی حاصل ہوئی جو کشمیری دست کاری مصنوعات کے لئے عوام کے زبردست ردِّعمل اور طلب کی عکاسی کرتا ہے۔توقع ہے کہ موجودہ نمائش کے دوران ضلعی سٹالوں پر حوصلہ اَفزا فروخت ہوگی بالخصوص پشمینہ، کریول، پیپر ماشی اور وِلوویکرکی مصنوعات میں غیر معمولی دلچسپی متوقع ہے۔