جموں//وزیر برائے خوراک، شہری رسد ات و امورِ صارفین، ٹرانسپورٹ، اَمورِ نوجوان و کھیل کود محکمہ جات ستیش شرما نے کھیلوں کے اہم کردار کو اُجاگر کرتے ہوئے کہا کہ کھیل باوقار، مضبوط اعصاب اور پُراعتماد نوجوانوں کی تشکیل میں کلیدی حیثیت رکھتے ہیں اور اسے مضبوط اور ترقی پسند معاشرے کی تعمیر کے لئے ضروری قرار دیا۔وزیر موصوف برٹش اِنٹرنیشنل سکول کے سالانہ سپورٹس ڈے کے موقعے پر بطور مہمانِ خصوصی کی حیثیت سے خطاب کر رہے تھے۔ اُنہوں نے سکول اِنتظامیہ، اَساتذہ اور طلبأ کو ایک شاندار، منظم اور جوش و خروش سے بھرپور سپورٹس ایونٹ کے اِنعقاد پر سراہا۔اُنہوں نے برٹش انٹرنیشنل سکول کی پوری کمیونٹی کو مُبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ سپورٹس ڈے جیسے پروگرام تعلیم کی حقیقی روح کی عکاسی کرتے ہیں جو نصابی کتب اور امتحانات سے آگے بڑھ کر ہمہ جہت نشوونما کو فروغ دیتے ہیں اور مضبوط جسم، تیز ذہن اور نڈر کردار کی آبیاری کرتے ہیں۔وزیر موصوف نے کہا،’’میںنے بطور وزیر برائے امورِ نوجوان و کھیل کود خود دیکھا ہے کہ کھیل کس طرح زندگیوں کو بدل سکتے ہیں۔ کھیل نظم و ضبط، ٹیم ورک، ثابت قدمی اور دوسروں کے احترام کا جذبہ پیدا کرتے ہیں۔ یہ ہمارے نوجوانوں کو جسمانی طور پر صحت مند، ذہنی طور پر مضبوط اور مثبت سرگرمیوں میں مصروف رکھتے ہیں۔‘‘اُنہوںنے اِس بات کا اعادہ کیا کہ حکومت جموں و کشمیر میں کھیلوں کے نظام کو مضبوط بنانے کے لئے مکمل طور پر پُرعزم ہے جس کے تحت بنیادی ڈھانچے کو بہتر بنایا جا رہا ہے، کوچنگ سہولیات میں اضافہ کیا جا رہا ہے اور وسیع مواقع فراہم کئے جا رہے ہیں تاکہ ہر باصلاحیت لڑکے اور لڑکی کو بہترین کارکردگی کا مناسب موقع ملے۔
وزیر ستیش شرما نے طلبا ٔ سے خطاب کرتے ہوئے انہیں بڑے خواب دیکھنے، سخت محنت کرنے، دیانت داری سے کھیلنے اور ہمیشہ جموں و کشمیر کا فخر اپنے ساتھ رکھنے کی تلقین کی۔ اُنہوں نے انعامات حاصل کرنے والے طلبأ کو مُبارک باد دِی اور جو طلبأ انعامات حاصل نہیں کر سکے اُن سے حوصلہ افزائی کرنے پر زور دیا۔اُنہوں نے کہا کہ اصل کامیابی ثابت قدمی اور مسلسل کوشش کی ہمت میں مضمر ہے۔اُنہوںنے والدین، اَساتذہ اور کوچوں کے اہم کردار کو سراہتے ہوئے انہیں نوجوان کھلاڑیوں کی کامیابی کے پیچھے خاموش ستون قرار دیا۔اُنہوں نے مہاتما گاندھی کا حوالہ دیتے ہوئے طلبأ کو یاد دلایا کہ ’’جسم روح کا مندر ہے‘‘اور کھیلوں اور نظم و ضبط کے ذریعے جسمانی تندرستی برقرار رکھنے کی اہمیت پر زور دیا۔اُنہوں نے جموں و کشمیر کے نوجوانوں کے مستقبل کے حوالے سے امید کا اظہار کرتے ہوئے برٹش اَنٹرنیشنل سکول کے لئے نیک خواہشات کا اِظہارکیا کہ وہ بااعتماد، ذمہ دار اور ہمہ جہت شہریوں کی تربیت کا سلسلہ جاری رکھے۔پروگرام کا اختتام طلباٗ کی جانب سے مختلف کھیل مقابلوں اور ثقافتی پروگراموں کے ساتھ ہوا جس میں جوش، ٹیم ورک اور بھرپور سپورٹس سپرٹ کا شاندار مظاہرہ دیکھنے کو ملا۔










