snow

9تا11فروری وسیع پیمانے پرہلکی سے درمیانی برف باری کاامکان

سری نگر//اتواراور پیرکی درمیانی رات وادی کشمیر میں ہلکی بارش اور برفباری ہوئی تاہم گلمرگ میں ایک فٹ سے زیادہ اور کنزلون گریز سمیت دیگرکچھ بالائی علاقوںمیں6انچ تک تازہ برف باری ہوئی ہے۔اس دوران پیر کے روز موسم مجموعی طورپر خشک رہنے کے بیچ محکمہ موسمیات نے 9سے11فروری تک پیرپنچال کے آرپار بہت سے مقامات پر ہلکی سے درمیانی برف باری اور کچھ علاقوںمیں ہلکی سے درمیانی بارش ہونے کی پیش گوئی کی ۔جے کے این ایس کے مطابق محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کے عین مطابق اتوار کوشام سے ہی وادی کشمیر کے بیشتر بالخصوص شمالی علاقوںمیں برف وباراں کاسلسلہ شروع ہوگیا۔محکمہ موسمیات کے مطابق اتواراور پیر کی درمیانی رات سری نگر سمیت بیشتر میدانی علاقوں میں بارش ہوئی جبکہ وادی کشمیر کے کچھ بالائی علاقو ں میں تازہ برف باری ہوئی۔متعلقہ محکمے کے ایک اہلکار نے پیرکی صبح بتایاکہ گلمرگ میں رات بھر سے ایک فٹ سے زیادہ برفباری ہوئی۔محکمہ موسمیات نے ساتھ ہی بتایاکہ کنزلون گریز سمیت دیگر کچھ بالائی مقامات پر بھی تقریباً6انچ تک تازہ برف باری ہوئی ۔محکمہ موسمیات نے یہ بھی کہا کہ وقفے وقفے سے ہلکی بارش اور برف باری کا سلسلہ پیر کو دوپہر تک جاری رہنے کا امکان ہے اور اس کے بعد بتدریج بہتری کی توقع ہے۔اس دوران پیر کوجاری ایک تازہ ایڈوائزری میں محکمہ موسمیات نے مزید بتایاکہ 7اور8 فروری کو موسم جزوی طور پر ابر آلود رہے گا۔تاہم انہوں نے کہا کہ9 سے 11 فروری تک پیرپنچال کے آرپار بہت سے مقامات پر ہلکی سے درمیانی برف باری اور بارش متوقع ہے۔انہوںنے بتایاکہ جموں کے چند مقامات بالخصوص وادی چناب میں بارش متوقع ہے۔محکمہ موسمیات کے اہلکارنے تاہم واضح کیاکہ اگلے ایک ہفتے کے دوران کسی بھاری یاشدیدبرف باری کی توقع نہیں ۔دریں اثناء محکمہ موسمیات نے پیر کی صبح بتایاکہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران سری نگر میں 5.2 ملی میٹر، قاضی گنڈ میں5.6 ملی میٹر، کوکرناگ میں11.2 ملی میٹر، گلمرگ میں53 ملی میٹر بارش یعنی1.14فٹ برف باری، کپواڑہ 5 سینٹی میٹر اور پہلگام 2 سینٹی میٹر,جموں میںایک ملی میٹر، بانہال میں9.0 ملی میٹر، بٹوٹ میں 9.2 سینٹی میٹر، کٹرہ میں 1.2 ملی میٹر اور بھدرواہ میں3.6 ملی میٹربارش ریکارڈکی گئی ۔محکمہ موسمیات نے شبانہ درجہ حرارت کے حوالے سے بتایاکہ بادل چھائے رہنے کے درمیان، کم از کم درجہ حرارت میں مزید اضافہ دیکھنے میں آیا۔ سری نگر میں کم سے کم 1.8 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔انہوں نے کہا کہ قاضی گنڈ میں گزشتہ رات کم سے کم درجہ حرارت منفی 1.6 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیاجبکہ سیاحتی مقام پہلگام میں گزشتہ رات شبانہ پارہ منفی 0.2 ڈگری سینٹی گریڈ ، کوکرناگ میںمنفی 1.1 ڈگری سینٹی گریڈ ، گلمرگ میں منفی3.6 ڈگری سینٹی گریڈ اورکپوارہ قصبے میں رات کاکم سے کم درجہ حرارت منفی0.3ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈکیاگیا۔