9اور10ستمبر:بھارت میں G20سربراہی اجلاس

نئی دہلی میں عالمی کانفرنس کی تیاریاں مکمل،امریکی صدر جوبائیڈن کی شرکت یقینی :وائٹ ہائوس کااعلان

سری نگر//بھارت میں9اور10 ستمبر کو G20 سربراہی اجلاس ہونے جا رہا ہے۔ دارالحکومت دہلی میں کانفرنس کی تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔ جے کے این ایس مانٹرینگ ڈیسک کے مطابق 2روزہ جی20سربراہی اجلاس میں شرکت کرنے کیلئے دنیا کے تمام طاقتور لیڈران ہندوستان آ رہے ہیں۔ امریکی صدر جو بائیڈن بھی جی 20 کانفرنس میں شرکت کے لیے ہندوستان آرہے ہیں۔ وائٹ ہاؤس نے منگل کو کہا کہ صدر بائیڈن کی دوسری کووڈ 19 ٹیسٹ کی رپورٹ منفی آئی ہے اور وہ نئی دہلی میں جی 20 سربراہی اجلاس میں شرکت کے لئے جمعرات کو ہندوستان جائیں گے۔وائٹ ہاؤس نے کہا کہ اس دوران امریکی صدر وزیر اعظم نریندر مودی کے ساتھ دو طرفہ ملاقات بھی کریں گے۔ یہ اعلان پیر کو امریکی خاتون اول جل بائیڈن کے کورونا وائرس سے متاثر پائے جانے کے ایک دن بعد سامنے آئی ہے۔ بیان کے مطابق جو بائیڈن رہنما اصولوں پر عمل کریں گے اور اپنا ماسک اسی وقت ہٹائیں گے جب وہ سماجی طور پر دوسروں سے دور ہوں گے۔امریکہ کے قومی سلامتی کے مشیر جیک سلیون نے وائٹ ہاؤس میں ایک پریس کانفرنس میں کہاکہ امریکی صدر جی 20 سربراہی اجلاس میں شرکت کے لیے جمعرات کو ہندوستان کا دورہ کریں گے۔انھوں نے کہا کہ صدر بائیڈن جمعہ کو وزیر اعظم مودی سے دو طرفہ میٹنگ میں حصہ لیں گے۔وائٹ ہاؤس نے کہا کہ سربراہی اجلاس کے دوران، بائیڈن جی 20کی قیادت کے لیے پی ایم مودی کی سراہنا کریں گے۔غور طلب ہے کہ ہندوستان کو جی20 اجلاس کی صدارت کی ذمے داری ملی ہے۔ اجلاس 9 اور10 ستمبر کو نئی دہلی میں منعقد کیا جائے گا جس میں امریکی صدر کی شرکت یقینی ہے۔ جی20کے 2روزہ سربراہی اجلاس میں29 ممالک کے سربراہان کی شرکت متوقع ہے۔ اس کے علاوہ یورپی یونین کے اعلیٰ حکام سمیت 14 بین الاقوامی تنظیمیں بھی شرکت کریں گی۔