amarnath yatra

62روزہ سالانہ امرناتھ یاترا2023:یکم جولائی کو آغاز،31اگست کواختتام پذیر

پریشانیوں سے پاک یاترا وزیراعظم اور وزیر داخلہ کی اولین ترجیح:لیفٹنٹ گورنر منوج سنہا

سری نگر//یکم جولائی سے شروع ہونے والی62روزہ سالانہ امرناتھ یاترا2023میں شامل ہونے والے یاتریوں کی رجسٹریشن کا عمل پیر کوشروع ہوگیا۔لیفٹنٹ گورنر منوج سنہا پہلے ہی کہہ چکے ہیں کہ یاتریوں کیلئے پریشانی سے پاک یاترا وزیراعظم مودی اور وزیرداخلہ امت شاہ کی اولین ترجیح ہے ۔اس دوران امرناتھ شرائن اور جموں وکشمیرکی انتظامیہ سالانہ امرناتھ یاترا کی تیاریوں میں جٹ گئی ہے ،اور اس سلسلے میں تمام ضروری ولازمی اقدامات کوحتمی شکل دی جارہی ہے ۔جے کے این ایس کے مطابق جموں و کشمیر میں 62روزہ طویل سالانہ امرناتھ یاترا 2023کیلئے رجسٹریشن پیر کو شروع ہو گئی ہے۔حکام نے بتایاکہ اننت ناگ ضلع کے پہلگام ٹریک اور گاندربل ضلع کے بالہ تل روٹ سے امرناتھ گھپا درشن کیلئے جانے ولے یاتریوں کی رجسٹریشن شروع ہو گئی ہے۔ انہوںنے کہاکہ یاتریوں کی آن لائن اور آف لائن دونوں طریقوں سے رجسٹریشن شروع ہو گئی ہے۔حکام کے مطابق آف لائن رجسٹریشن ملک بھر میں 542 بینکوں کی شاخوں میں کی جاسکتی ہے جس میں پنجاب نیشنل بینک کی 316شاخیں،جموں وکشمیر بینک کی 90 شاخیں، یس بینک کی37 شاخیں اور اسٹیٹ بینک آف انڈیا کی 99 شاخیں شامل ہیں۔حکام نے مزید بتایاکہ اس سال رجسٹریشن میں ایک نئی خصوصیت آدھار پر مبنی رجسٹریشن ہے جس میں رجسٹریشن کے لئے یاتریوں کے انگوٹھے کا سکین لیا جائے گا۔جموں وکشمیر کی حکومت نے کہا کہ یاترا اس سال یکم جولائی کو شروع ہوگی اور 31 اگست2023 کو اختتام پذیر ہوگی۔یاتریوں کیلئے مقررہ رہنما خطوط کے مطابق، 13سے70 سال کی عمر کے افراد امرناتھ یاترا 2023 کے لئے خود کو رجسٹر کروا سکتے ہیں اور تمام یاتریوں کے لئے صحت کا سرٹیفکیٹ لازمی ہے۔6 ہفتے یا اس سے زیادہ حمل والی خواتین کو یاترا کرنے کی اجازت نہیں ہے۔قابل ذکر ہے کہ 14مارچ کو جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے سالانہ امرناتھ یاترا کیلئے تاریخوں کا اعلان کرتے ہوئے کہاتھا کہ انتظامیہ ایک ہموار اور پریشانی سے پاک یاترا کو یقینی بنانے کیلئے پرعزم ہے۔انہوںنے ساتھ ہی کہاتھاکہ پریشانیوں سے پاک یاترا وزیراعظم مودی اور مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ کی اولین ترجیح ہے۔ منوج سنہا نے اسبات کی یقین دہانی کرائی کہ انتظامیہ تمام آنے والے یاتریوں اور خدمات فراہم کرنے والوں کو بہترین طبی نگہداشت اور دیگر ضروری سہولیات فراہم کرے گی۔ یاترا کے آغاز سے قبل ٹیلی کام خدمات کو فعال کر دیا جائے گا۔ لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے کہا کہ تمام اسٹیک ہولڈر محکمے تال میل سے کام کر رہے ہیں تاکہ یاترا کے ہموار انعقاد کے لئے رہائش، بجلی، پانی، سیکورٹی اور دیگر انتظامات کی سہولیات کو یقینی بنایا جا سکے۔