4شہری ہلاکتوں میں ملوث 3ملی ٹنٹ ہلاک

باقی ملی ٹنٹوںکی تلاش جاری،جلد گرفتار یاہلاک کیاجائیگا:آئی جی پی کشمیر

سری نگر//4شہری ہلاکتوںمیںملوث 3ملی ٹنٹوںکی ہلاکت کادعویٰ کرتے ہوئے انسپکٹر جنرل آف پولیس کشمیرزون وجئے کمار نے منگل کوکہاکہ پنڈت ملازم راہول بھٹ ،سانبہ کی اُستانی رجنی بالا،بینک منیجر وجے کمار اورٹی وی فنکارہ امبرین بٹ کی ہلاکتوںکے واقعات میں شامل باقی ملی ٹنٹوںکی تلاش جاری ہے ۔خیال رہے راہول بھٹ کو بی ڈی ائو دفتر چاڈورہ بڈگام میں12مئی کو،ٹی فنکارہ امبرین بٹ کوحشرئو چاڈورہ میں26مئی کو ،سانبہ کی اُستانی رجنی بالاکوگوپال پورہ کولگام میں یکم جون کواورراجستھان کے رہنے والے بینک منیجروجے کمارکوکولگام میںمشتبہ ملی ٹنٹوںنے گولیوںکانشانہ بناکر ابدی نیندسلادیا۔ جے کے این ایس کے مطابق آئی جی پی کشمیر وجئے کمار نے منگل کے روز کہاکہ راہول بھٹ کی ہلاکت میں ملوث2ملی ٹنٹوںمیں سے ایک کوہلاک کردیاگیا جبکہ ایک اورکی تلاش جاری ہے ۔انہوںنے کہاکہ ٹی وی فنکارہ امبرین بٹ کی ہلاکت میں ملوث 2ملی ٹنٹ اونتی پورہ میں مارے گئے ۔سینئرپولیس افسر کامزیدکہناتھاکہ راجستھان کے رہنے والے بینک منیجر وجے کمار کے قتل میں ملوث ملی ٹنٹوںکی شناخت ہوچکی ہے اوردونوںکوجلدہی گرفتار یاہلاک کردیاجائے گا۔پولیس ذرائع نے بتایاکہ گوپال پورہ کولگام میں سانبہ کی رہنے والی 36سالہ اُستانی رجنی بالا زوجہ راج کمار کی ہلاکت میں ملوث ملی ٹنٹوںکی ہلاش بھی جاری ہے۔یہاںیہ بات قابل ذکر ہے کہ یکم مئی2022سے یکم جون تک مشتبہ ملی ٹنٹوں نے ٹارگٹ کلنگ کی کم سے کم9وارداتیں انجام دیں ،جس دوران 3پولیس اہلکار اور5عام شہری مارے گئے جبکہ شوپیان کاایک عام شہری زخمی ہوگیا۔پنڈت ملازم راہول بھٹ سمیت3غیر مسلم ملازمین کی ہلاکتوںکے واقعات رونما ہونے کے نتیجے میں پنڈت ملازمین ،کشمیر میں تعینات صوبہ جموں سے تعلق رکھنے والے ملازمین کیساتھ ساتھ غیرریاستی ملازمین میں بھی عدم تحفظ کی لہردوڑ گئی ہے ۔پنڈت اورجموںکے رہنے والے ملازمین ڈیوٹی انجام دینے سے انکار کرتے ہوئے اُنھیں صوبہ جموں ٹرانسفر کرکے اُنھیں وہاں کسی جگہ تعینات کرنے کامطالبہ کررہے ہیں ۔تاہم جموں وکشمیر حکومت نے کشمیر میں تعینات پنڈت اوردیگر غیرمقامی ملازمین کی جموں منتقلی سے صاف انکار کرتے ہوئے پنڈت اورغیرمقامی ملازمین کوشہر سری نگراورقصبہ جات میں تعینات کرنے کیساتھ ساتھ اُن کی مکمل تحفظ فراہم کرنے کی یقین دہانی اوراعلان کیا ہے۔