checking

26جنوری کومنائے جانے والے73ویں یوم جمہوریہ اور راہل گاندھی کی بھارت جوڑئو یاترا کے پیش

کرکٹ اسٹیڈیم سری نگراور مولانا آزاداسٹیڈیم جموںکے اندرا وار گردونواح میں پولیس وفورسزکاکڑا پہرہ

سری نگر،جموں//26جنوری کومنائے جانے والے73ویں یوم جمہوریہ اور راہل گاندھی کی جاری بھارت جوڑئو یاترا کے پیش نظر پورے جموں وکشمیرمیں تمام سیکورٹی ایجنسیوں اور سراغ رساں اداروںکوچوکنا کردیاگیاہے ۔جموں اور سری نگر سمیت بیشتر قصبوںمیں پولیس وفورسز کے اضافے دستے تعینات کردئیے ہیں،اور اہم بازاروں وسڑکوں پر چیک پوائنٹس قائم کرکے گاڑیوںنیز مسافروںکی تلاشی تیز کرنے کے ساتھ ساتھ سری نگرمیں موٹر سا ئیکلوں اور دیگر دوپہیوں والی گاڑیوںکی ضبطی کاعمل بھی تیز کردیاگیاہے ۔جے کے این ایس کے مطابق ٹرانسپورٹ نگر نروال جموںمیں کچھ روز قبل ہوئے دھماکوںمیں کم سے کم9افراد کے زخمی ہوجانے اور اتوار کی شام سری نگر کے عیدگاہ علاقے میں کئے گئے ایک گرینیڈ حملے کے بعد سرمائی راجدھانی جموں اور گرمائی دارالحکومت سری نگرسمیت پورے جموں وکشمیر میںیوم جمہوریہ کی تقریبات سے قبل سیکورٹی سخت کر دی گئی ہے۔ پولیس اور دیگر سیکورٹی اہلکار گشت کے ساتھ ساتھ نگرانی کی مشقیں کر رہے ہیں جبکہ دونوں شہروںمیں ڈرون کے ذریعے نگرانی کاعمل تیز کرنے کیساتھ ساتھ سی سی ٹی وی کیمروںکے ذریعے بازاروں اوردیگرحساس مقامات پر لوگوںکی نقل وحمل پر سخت نظررکھی جارہی ہے۔سیکورٹی حکام نے بتایاکہ کسی بھی ممکنہ تخریبی کارروائی یاعمل کوناکام بنانے کیلئے پولیس اورفورسز کواضافی چوکنا رہنے کی ہدایت دی گئی ہے ۔انہوںنے بتایاکہ سری نگرمیں اضافی چیک پوائنٹ قائم کرکے گاڑیوں کی تلاشی لینا اسی کارروائی کاایک حصہ ہے ۔اس دوران معلوم ہواکہ پولیس نے حالیہ کچھ دنوںکے دوران بڑی تعدادمیںموٹرسائیکل اور اسکوٹیاں ضبط کیں ۔حکام نے بتایا کہ جموں میں ہونے والے دھماکوں کیساتھ ساتھ یہاں ہونے والے دھماکے اورپیش آنے والے دیگر واقعات کے پیش نظر سیکورٹی سخت کر دی گئی ہے۔انہوںنے کہاکہ 24جنوری کویوم جمہوریہ کی ڈریس ریہرسل ہے اور جمعرات کو مرکزی تقریبات ہیں،اسلئے ہم اس بات کو یقینی بنائیں گے کہ سب کچھ ہموار ہے۔یادرہے جموں وکشمیرمیں26جنوری کومنائے جانے والے73ویں یوم جمہوریہ کی مرکزی تقریب مولاناآزاداسٹیڈیم جموںمیں منعقد ہوگی ،جہاں لیفٹنٹ گورنر منوج سنہا قومی پرچم ترنگا لہرانے کیساتھ ساتھ پولیس،فورسز،این سی سی اور اسکولی بچوں کے چاک وچوبنددستوںکے پریڈ پر سلامی لیں گے ۔کشمیر میں صوبائی سطح کی سب سے بڑی تقریب ایس کے کرکٹ اسٹیڈیم سونہ وار سری نگرمیںہوگی،اوریہاں لیفٹنٹ گورنر کے مشیر قومی پرچم ترنگا لہرانے کیساتھ ساتھ پولیس،فورسز،این سی سی اور اسکولی بچوں کے چاک وچوبنددستوںکے پریڈ پر سلامی لیں گے ۔اس دوران ذرائع نے بتایاکہ مولانا آزاد اسٹیڈیم جموں اورا یس کے کرکٹ اسٹیڈیم سری نگر کوپہلے ہی سیکورٹی ایجنسیوںنے اپنی تحویل میں لیکر دونوںمقامات پر سیکورٹی سخت کردی ہے ۔اس دوران ذرائع نے بتایاکہ آج یعنی24جنوری بروز منگل کویوم جمہوریہ کے سلسلے میں جموں اور سری نگر سمیت جموں وکشمیرکے سبھی20اضلاع میں ضلعی صدرمقامات پر فل ڈریس ریہرسل ہوگی ۔