کشمیروادی میں کم اور جموں خطے میں زیادہ بارشوں کی وجہ سے گرمی کاجاری زور ٹوٹنے کاامکان
سری نگر//جموں وکشمیرمیں گزشتہ لگ بھگ10دنوں سے جاری شدیدگرمی کی لہر کے بیچ موسمیاتی ماہرین نے 24 سے28جون تک مختلف مقامات پر الگ الگ اوقات وقفے وقفے سے بارشوںکی پیش گوئی کردی ہے،اور یہ امکان ظاہر کیاہے کہ ہلکی یادرمیانہ درجے کی بارشیں ہونے سے گرمی کا زور ٹوٹ جائیگا۔جے کے این ایس کے مطابق سری نگرمیں قائم ہندوستانی محکمہ موسمیات کے علاقائی مرکز میں تعینات ڈپٹی ڈائریکٹر ڈاکٹر مختار احمد نے ہفتہ کے روز کہاکہ جموں و کشمیر میں گرمی کی لہر سے26 تاریخ کے بعد بہت زیادہ امکان ہے کیونکہ 25جون کی شام سے28 جون کے دوران جموں و کشمیر کے کچھ مقامات پر وقفے وقفے سے گرج چمک بجلی کڑکنے کیساتھ بارش متوقع ہے۔اس دوران ایک اور موسمیاتی ماہر فیضان نے کہاکہ 24جون بروز ہفتہ کو دوپہر اور شام کے درمیان جموں خطے کے کچھ علاقوں میں بارش ہو سکتی ہے۔انہوںنے کہاکہ ریاسی میں بارشیں ہونے کا50فیصد، رام بن میں40فیصد،کشتواڑمیں بھی40فیصد، راجوری میں30فیصد، اودھم پور میں40فیصداور اور ڈوڈہ اضلاع میں بارش ہونے کے40فیصد سے زیادہ امکانات ہیں۔انہوںنے کہاکہ اس دوران کشمیر کے علاقے میں چند مقامات پر ہلکی بارش کے امکان کو رد نہیں کیا جا سکتا۔ماہر موسمیات فیضان کے مطابق کشمیر کے علاقے میں ہفتہ کے روز زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت کل سے تھوڑا کم ہو سکتا ہے۔جبکہ ڈاکٹر مختار نے کہاکہ ہفتہ کے روز کشمیر میں دن کادرجہ حرارت32سے34ڈگری سینٹی گریڈ اورجموںکے میدانی علاقوںمیں 38سے40ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کاامکان ہے ۔انہوںنے مزید کہاکہ 25جون بروزاتوار کو صبح کے وقت جموں خطے کے کچھ حصوں میں بارش ہونے کا60فیصد امکان ہے۔ فیضان کے مطابق اتوار کوبعد دوپہر اور شام کے وقت، جموں خطہ کے بہت سے علاقوں اور کشمیر کے کچھ علاقوں میںبالخصوص جنوبی کشمیرمیں بارش ہونے کے50فیصد امکانات ہیں سکتی ہے۔موسمیاتی ماہر فیضان نے کہاکہ 26 جون بروزپیر کو صبح کے اوقات میں، جموں خطہ کے کئی علاقوں میں درمیانی سے بھاری بارش ہونے کا80فیصدامکان ہے۔انہوںنے کہاکہ کم شدت کے ساتھ بارش کی بوندیں کشمیر کے علاقے کے کچھ علاقوں میں بھی ہو نے کا40فیصدامکان ہے ۔موسمیاتی ماہر فیضان نے کہاکہ پیر کے روز بعدددوپہر اور شام نیز رات کے وقت ، جموں اور کشمیر کے زیادہ تر علاقوں میں بارش ہونے کے55فیصد امکانات ہیں۔ماہر موسمیات نے مزید جانکاری دی کہ27 جون بروز منگل کو جموں خطے کے کچھ علاقوں میں صبح کے وقت بارش ہونے کا60فیصد امکان ہے۔ انہوںنے کہاکہ جموں و کشمیر کے کچھ علاقوں میں دوپہر/شام تک بارش کا40فیصد امکان ہے۔موسمیاتی ماہر فیضان نے کہاکہ 28 جون بروزبدھ کو جموں خطہ کے کئی علاقوں میں صبح کے اوقات میں درمیانی سے بھاری بارش ہونے کا55فیصدامکان ہے ۔انہوںنے مزید کہاکہ جموں اور کشمیر کے کچھ علاقوں میں دوپہر کے آخراورشام کے وقت میں بارش ہونے کا50فیصد امکان ہے ۔










